دھرنا کلچر نے پاکستان کو تباہ کر دیا ہے ‘ سی پیک میگا پراجیکٹ سے پورے پاکستان کو فائدہ ہوگا، شاہ زین بگٹی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 9 جنوری 2017 23:36

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2017ء) جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی رہنما شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ دھرنا کلچر نے پاکستان تباہ کر دیا ہے، ہم اس کا ساتھ دے کر ایسے کلچر کو فروغ نہیں دے سکتے‘ سی پیک میگا پراجیکٹ ہے اس سے پورے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں بلوچستان کے لوگوں کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے ،بلوچستان کیلئے وعدے پورے کئے جائیں، سوئی گیس بلوچستان سے نکلتی ہے لیکن وہاں کی ایک بڑی آبادی لکڑیاں جلاتی ہے ، بلوچوںکو اپینڈکس کے آپریشن کیلئے بھی پنجاب آنا پڑتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما جہانگیر بدر کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

شاہ زین بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ انتخابات میں امیدوار اور ووٹرز باہر نہیں نکل سکے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترامیم کے باوجود بلوچستان کو اس کا حق نہیں مل سکا ۔ ناراض بلوچی پہاڑوں سے نیچے آرہے ہیں لیکن جب تک بلوچستان کو برابری کے حقوق نہیں ملیں گے حالات میں بہتری نہیں آ سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ سوئی گیس بلوچستان سے نکلتی ہے لیکن وہاں کی ایک بڑی آبادی لکڑیاں جلاتی ہے اور دوسرے صوبوں کے لوگ اس سے استفادہ کر رہے ہیں ۔ ہمیں وفاق سے 860میگا واٹ بجلی ملنی چاہیے لیکن 400میگا واٹ میسر آتی ہے ۔ بلوچی اپینڈکس کا آپریشن کرانے کے لئے بھی پنجاب آتے ہیں ۔ وکلاء پر خود کش حملے کے بعد وہاں صحت کے حالات سب نے دیکھ لئے وکلاء کو علاج کے لئے کراچی جانا پڑا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سی پیک میگا پراجیکٹ ہے اس سے پورے پاکستان کو فائدہ ہوگا ۔ اس منصوبے میں بلوچستان کے لوگوں کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دھرنا کلچر کا ساتھ نہیں دیتے ، دھرنا کلچر سے پاکسان کا مذاق بنا دیا گیا ہے ۔ قبل ازیںشاہ زین بگٹی نے عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور سے ملاقات بھی کی۔

متعلقہ عنوان :