پاکستان پیپلز پارٹی کا آفتاب احمد شیرپائو اور فیصل صالح حیات سمیت متعدد ناراض سیاستدانوں کو منانے کا فیصلہ، نیئر حسین بخاری، بیرسٹر اعتراز احسن اور قمر زمان کائرہ کو ذمہ داری سونپ دی گئی

پیر 9 جنوری 2017 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے آفتاب احمد شیرپائو اور فیصل صالح حیات سمیت متعدد ناراض سیاستدانوں کو منا کر دوبارہ پارٹی میں شامل کرانے کا ہدف پارٹی کے جنرل سیکرٹری نیئر حسین بخاری، بیرسٹر اعتراز احسن اور قمر زمان کائرہ کو دیدیا ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب اور کے پی کے میں پیپلز پارٹی کو مضبوط بنانے اور فعال کرنے کیلئے کے پی کے سے آفتاب احمد خان شیرپائو اور پنجاب سے سیّد فیصل صالح حیات سمیت دیگر رہنمائوں کو پارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس مقصد کیلئے بلاول بھٹو نے ذمہ داری سیّد نیئر حسین بخاری، اعتزاز احسن اور قمر زمان کائرہ کو سونپی ہیں جو جلد ان رہنمائوں سے رابطہ کرکے انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔ پارٹی سے متعدد دیگر ناراض رہنمائوں اور کارکنوں کو منانے کے بعد پارٹی میں شامل کرانے کیلئے بھی حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔