امریکا کے مغربی ساحلوں پر برفانی طوفان، نظام زندگی درہم برہم

موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کئی جگہ سیلاب ،سینکڑوں مکانات خالی،بعض مقامات پر زمینی تودے گرنے کے واقعات

منگل 10 جنوری 2017 13:28

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2017ء) امریکا کی مغربی ساحلی ریاستیں نیوادا اور کیلیفورنیا شدید سرمائی طوفان کی زًد میں ہیں، موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کئی جگہ سیلاب آ گیا ہے۔ گزشتہ چند روز کے دوران کئی مقامات پر دو میٹر سے بھی زیادہ برف پڑی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست نیوادا میں گزشتہ ایک عشرے سے زیادہ عرصے کے بعد اتنا سخت سرمائی طوفان دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اس ریاست کے شمالی علاقوں میں سینکڑوں مکانات خالی کروا لیے گئے ہیں۔شمالی نیوادا میں شدید بارشوں کے نتیجے میں متعدد مقامات سیلاب کی زًد میں آگئے جبکہ زمینی تودے گرنے کے واقعات بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ریاست کیلیفورنیا کے شمالی حصے میں بھی امدادی ٹیمیں زمینی تودے گرنے کے بعد بند ہو جانے والے راستوں سے درختوں اور ملبے کو ہٹا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

سیئیرا میں پہاڑیوں کی چوٹیوں پر شدید برف باری ہوئی ہے اور ماہرین نے انتباہ کیا کہ اسی علاقے میں مزید ایک طوفان کی آمد آمد ہے۔ چڑھتے پانیوں کے باعث متاثرہ علاقے کی کئی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں، رینو میں کئی ایک پٴْل بھی آمد و رفت کے لیے بند ہیں۔ ایک ایسے صنعتی علاقے کے بھی زیرِ آب آ جانے کا خدشہ ہے، جہاں پچیس ہزار افراد کام کرتے ہیں۔

کیلیفورنیا میں، جہاں گزشتہ چھ برسوں سے خشک سالی کا دور دورہ ہے، ان بارشوں کو خوش آئند بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ وہاں تو حکام کا کہنا یہ ہے کہ وہ بارش کے ہر قطرے کا خیر مقدم کریں گے اور یہ کہ زیرِ زمین آبی ذخائر کو بھرنے کے لیے ابھی ایسے متعدد بڑے طوفان درکار ہوں گے۔ان مسلسل شدید بارشوں کے نتیجے میں کیلیفورنیا کے متعدد دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔ اس امریکی ریاست کے حکام کسی بھی بڑے سیلاب سے نمٹنے کے لیے پوری طرح سے چوکنا ہیں۔

متعلقہ عنوان :