قابض بھارتی فورسز نے حریت پسند نوجوانوں کا قافیہ حیات تنگ کر رکھا ہے، مسلم لیگ جموں وکشمیر

بھارتی پولیس ،خفیہ ایجنسیاں عدالتی احکامات کے باوجو د حریت پسند نوجوانوں کو دوبارہ گرفتار کرکے انتقام کا نشانہ بنارہی ہے، ترجمان

منگل 10 جنوری 2017 18:17

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میںمسلم لیگ جموںو کشمیر نے بارہمولہ کے جوئنٹ انٹروگیشن سینٹر میں حریت پسند نوجوانوں سمیر احمد بٹ ،سجاد احمد خان،وسیم احمد اور سہیل نذیر شیخ کو جسمانی تشدد کانشانہ بنانے اورپارٹی رہنما فارو ق احمد گوتہ پوری کے گھر پربھارتی فورسز کے چھاپے کے دوران اہل خانہ کو ہراساں کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان فیروز احمد خان نے سرینگرسے جاری ایک بیان میںکہا کہ قابض بھارتی فورسز نے حریت پسند نوجوانوں کا قافیہ حیات تنگ کر رکھا ہے اور اُنہیں گرفتار کرکے تھانوںاورفوجی کیمپوں میں شدید تشدد کا نشانہ بنا یا جارہا ہے۔ حریت پسند رہنمائوں اور نوجوانوں کو گرفتارکرنے کے لئے اُن کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں ،اُن کے اہل خانوں کو ہراساںکیا جارہا ہے اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے ضلع بارہمولہ میں جماعت اسلامی سے وابستہ کارکنان فیاض احمد کمار اور شعیب احمد کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کوٹ بھلوال جیل جموںمنتقل کرنے کی شدید مذمت کی۔اُنہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس اور خفیہ ایجنسیاں عدالتی احکامات کے باوجو د حریت پسند نوجوانوں کو دوبارہ گرفتار کرکے انتقام کا نشانہ بنارہی ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ جیلوں میںنظربند کشمیریوں کو ناقص غذائیں فراہم کی جارہی ہیں اور علالت کی صورت میں اُنہیں طبعی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ، اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل ،ایشیا واچ اورانسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموںسے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میںحریت پسند رہنمائوں اور نوجوانوں کو غیر قانونی طورپر نظربند رکھنے کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو اپنا حق، حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :