Live Updates

بلاول بھٹو نہیں اپنے آپ کو زرداری کہلائے تو بہتر ہو گا،اسد عمر

ذوالفقار علی بھٹو غریبوں کے لیڈر تھے ، سندھ کو یتیم خانہ سمجھ کر لوٹا اور نوچا جا رہا ہے، شہید رانی و ذوالفقار بھٹو کا نام ،تصویر لگا کر سندھ کے عوام کو بے وقوف بنانے والے ٹولے کو شرم آنی چاہئے،آصف زرداری اور بلاول نواز شریف کو بچانے کیلئے خود الیکشن میں حصہ لینے کا ڈرامہ رچا رہے ہیں،رہنما پاکستا ن تحریک انصاف

منگل 10 جنوری 2017 19:02

شہدادپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور ایم این اے اسد عمر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نہیں ہے اس لئے وہ اپنے آپ کو زرداری کہلائے تو بہتر ہو گا ۔پی پی پی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو غریبوں کے لیڈر تھے لیکن آصف علی زرداری نے پارٹی سے غریب اور بھٹو کے ہمدرد لوگوں کو ہٹا کر وڈیرے اور جاگیر دار بھرتی کر لئے اور سندھ کو یتیم خانہ سمجھ کر لوٹا اور نوچا جا رہا ہے ۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار سافکو کے چیف ایگزیکٹیو سلیمان جی ابڑو کی رہائش گاہ پر پریس کلب شہدادپور کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ نوابشاہ سے گل محمد رند پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے زرداری کے مقابلے میں امیدوار ہوں گے ۔

(جاری ہے)

اس حلقہ سے آصف علی زرداری نے فارم بھرایا تو بغور معائنہ کریں گے کہ ان کے فارم میں سرے محل اور زیورات کا ذکر ہے یا نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام وفاقی حکومت اور سندھ حکومت پر قابض ٹولے کے خلاف عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے باہر نکلیں پیپلز پارٹی اب بھٹو والی پیپلز پارٹی نہیں ہے وہ زرداری لیگ بن چکی ہے ۔ جنرل ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان عوام کی لوٹی ہوئی دولت نواز شریف اور اس کے خاندان سے واپس دلانے کیلئے میدان میں نکلے ہیں مگر آصف زرداری اور بلاول زرداری نواز شریف کو بچانے کے لئے خود الیکشن میں حصہ لینے کا ڈرامہ رچا رہے ہیں ۔

شہید رانی اور ذوالفقار علی بھٹو کا نام اور تصویر لگا کر سندھ کے عوام کو بے وقوف بنانے والے ٹولے کو شرم آنی چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ سندھ کے امیر ترین ضلع سانگھڑ کی نا گفتہ بہ حالت دیکھ کر دکھ ہوا ہے ۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ اس ضلع میں پی پی پی سے غلطی سے ایک ایماندار ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو تعینات ہو گیا تھا ۔ جس نے یہاں کے غریب لوگوں کی حفاظت کی اور کرپٹ اور جرائم پیشہ افراد کو ضلع چھوڑنے پر مجبور کر دیا تھا ۔

جس کی وجہ سے ان کے سہولت کاروں کو تکلیف پہنچی اور ان کا تبادلہ کر دیا گیا ۔ ہم سندھ اسمبلی میں اس ایماندار ایس ایس پی کی دوبارہ تعیناتی کے لئے آواز اٹھائیں گے ۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواز شریف کرپشن کا اژدھا ہے جس کی دم عمران خان کے ہاتھ میں ہے ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے عمران خان کا ساتھ دیں ۔ اس کنونشن سے صوبائی رہنماء گل محمد رند ، ضلعی جنرل سیکریٹری کاشف امین ، جان مجتبیٰ ، چوہدری نوید انجم اور علی مراد ڈاہری نے بھی خطاب کیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات