ہمارا خطہ بیش بہا قدرتی وسائل اور قیمتی معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے،چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا سمیت قبائلی علاقہ جات اور افغانستان کا ایک مشترکہ ریجنل چیمبر آف منرلز قائم کیا جائے،قبائلی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا حقیقتاً ایک تن کا وجود ہیں ،قومی وطن پارٹی اور صوبائی اتحادی حکومت کی ترجیح ہے کہ تمام قبائلی علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کر کے وہاں پر مراعات و اختیارات دئیے جائیں

خیبر پختونخوا کی وزیر معدنی ترقی اور محنت انیسہ زیب طاہر خیلی کا تقریب سے خطاب

منگل 10 جنوری 2017 20:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جنوری2017ء) خیبر پختونخوا کی وزیر معدنی ترقی اور محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا ہے کہ ہمارا خطہ بیش بہا قدرتی وسائل اور قیمتی معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا سمیت قبائلی علاقہ جات اور افغانستان کا ایک مشترکہ ریجنل چیمبر آف منرلز قائم کیا جائے کیونکہ یہ علاقے قیمتی معدنی وسائل کا مرکز ہیں اور اس اقدام کی وجہ سے نہ صرف ان قیمتی ذخائر سے بہتر انداز میں استفادہ حاصل کیا جا سکے گا بلکہ خطے کی تیز رفتارترقی کا اہم ذریعہ بن جائیگا۔

قبائلی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا حقیقتاً ایک تن کا وجود ہیں اور ہماری جماعت قومی وطن پارٹی اور صوبائی اتحادی حکومت کی یہ ترجیح ہے کہ تمام قبائلی علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کر کے وہاں پر مراعات و اختیارات دئے جائیں۔

(جاری ہے)

فاٹا کی قیمتی معدنیات سے زیادہ استفادہ حاصل کرنے کیلئے وہاں پر مائنز ورکرز کو محفوظ اور میکانائز مائننگ کی تربیت ایک اشد ضرورت ہے تاکہ دنیا کے معیارات کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے اور اس سلسلے میںٹرائبل ایریاز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ماربل کے شعبے میں کام کرنے والے ہنر مندوں کو جدید تربیت کی فراہمی ایک سنگ میل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ٹرائبل ایریا ز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور میں فاٹا کے ماربل شعبے میں کام کرنے والے ہنر مندوں کی استعداد کار بڑھانے کی غرض سے شروع کئے جانے والے تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیمبر کے صدر محمد شعیب خان، چیمبر کے پیٹرن ان چیف سابق سینیٹر حاجی غلام علی، چیمبر ممبران اور ماربل شعبے میں کام کرنے والے اور زیر تربیت ہنر مند شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے قبائلی علاقوں کو قدرت نے بیش بہا قدرتی نعمتوں سے نوازا ہے اور ان علاقوں میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے وسیع مواقع موجود ہیں مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سے صحیح انداز میں فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں قبائلی افرادی قوت کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق پیشہ ورانہ تربیت انتہائی ضروری ہے جس کے سلسلے میں قبائلی ایوان صنعت و تجارت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ معدنی ترقی بھی اس سلسلے میں مذکورہ چیمبر اور قبائلی معدنی شعبے سے تعاون کیلئے تیار ہے اور مذکورہ تربیتی پروگرام سے صوبے کے معدنی کان کنوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے سلسلے میں بھی فائدہ لیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہمارے خطے کی جغرافیائی اور تزویراتی اہمیت انتہائی اہم ہے اور قدرت نے جن قیمتی قدرتی وسائل سے ہمیں نوازا ہے اپنی ترقی وخوشحالی کیلئے ان نعمتوں سے بخوبی فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے معدنی شعبے سے زیادہ استفادہ حاصل کرنے کی غرض سے محکمے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور انکی کوشش ہے کہ اس اہم شعبے کو زیادہ مستحکم کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ مائننگ کیلئے ورلڈ بنک کے مالی تعاون سے جدید مشینری کا رینٹل پول قائم کیا گیا ہے اور ضرورت کے مطابق مزید بڑی مشینری کے پول کے ذریعے اس شعبہ میں کام کرنے والوں کو فراہم کر نے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ہم دنیا کی ضروریات اور جدید محفوظ مائننگ کی طرف آگے بڑھیں ۔

انہوں نے فاٹا کے معدنی ذخائر کو قبائلی علاقوں کی ترقی کا زینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم شعبے کی بدولت ہمارے قبائلی علاقے زیادہ ترقی حاصل کر سکتے ہیں اور اس سلسلے میں قبائلی علاقوں کے ایوان صنعت و تجارت کی کوششوں کو سراہا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر کو تقریب میں چیمبر کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی گئی۔