معاشرے کے تمام طبقات باالخصوص بچوں کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جس کیلئے موجودہ حکومت نے مربوط قانون سازی بھی کی ہے،بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان پر کسی بھی قسم کا تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا

ْخیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سماجی بہبود سکندر حیات خان شیر پائو کی میڈیا سے گفتگو

منگل 10 جنوری 2017 20:13

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جنوری2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سماجی بہبود و انسانی حقوق سکندر حیات خان شیر پائو نے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات باالخصوص بچوں کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جس کے لئے موجودہ حکومت نے مربوط قانون سازی بھی کی ہے،بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان پر کسی بھی قسم کا تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

وہ منگل کے روز ٹھیکیدار کلے طورو ضلع مردان میں 6سالہ بچے عامر ولد جمیل کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر اظہار ہمدردی کیلئے گئے تھے۔مذکورہ بچے پر گورنمنٹ پرائمری سکول ٹھیکیدار کلے طورو میرا کے پرنسپل عبدالرشید نے تشدد کیا تھا جس سے بچہ جسمانی اور ذہنی طور ر نہایت متاثر ہوا تھا۔صوبائی وزیر جو کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن خیبر پختونخوا کے چیئرمین بھی ہیں نے کہا کہ اساتذہ ہمارے لئے نہایت قابل احترام ہیں تاہم اپنے مستقبل یعنی قوم کے بچوں کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چائلڈ کمیشن کے ڈپٹی چیف نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ مذکورہ بچے کے حوالے سے ایف آئی آر درج کر کے مزید قانونی کارروائی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ بچے کو بہترین طبی سہولیات اور نفسیاتی کونسلنگ کیلئے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے کمیشن کو بھی ہدایت کی کہ پورے صوبے میں اپنا نیٹ ورک مزید فعال بنائے اور معاشرے میں بچوں کے حقوق سے متعلق آگہی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ کمیشن کے قیام سے ابھی تک صرف ضلع مردان میں بچوں پر تشدد کے تین کیسز رجسٹرڈ کئے گئے ہیں اور متعلقہ محکمہ ان کیسز کی پیروی کر رہا ہے۔ صوبائی وزیر ے عوام پر بھی زور دیا کہ بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق تمام واقعات کو حکومت کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ حکومت مجرموں کو قرار واقعی سزا دلائے اور معاشرے میں دوسرے انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ بچوں کے حقوق کے تحفظ کو بھی فروغ ملے۔

انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ و ہ بحیثیت انسان اور حکومتی نمائندے کے انہیں ہر قسم کی امداد فراہم کریں گے اور انہیں اس بات پر آمادہ کیا کہ مذکورہ بچے کو ہر صورت تعلیم جاری رکھنے کا حوصلہ دیں تاکہ معاشرے میں بچوں کی تعلیم سے لگائو کی مثال قائم رہے۔ بچے کے والد اور علاقہ عمائدین نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی داد رسی کی۔ واضح رہے کہ مذکورہ واقعہ کا ذکر میڈیا میں آنے پر صوبائی وزیر نے متعلقہ کمیشن کو فوری کارروائی کا حکم دیا تھا جس نے بروقت متاثرہ خاندان سے رابطہ کر کے ایف آئی آر درج کرائی اور بچے کو طبی سہولت فراہم کی۔

متعلقہ عنوان :