ضلع کوہستان میںلوکل گورنمنٹ فنڈزکا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے، پرویز خٹک

منگل 10 جنوری 2017 22:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جنوری2017ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ضلع کوہستان میںلوکل گورنمنٹ فنڈزکا شفاف استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں یکساں ترقیاتی حکمت عملی ہونی چاہئے تاکہ ہر کسی تک ترقی کے ثمرات پہنچ سکیں۔وزیر اعلیٰ نے قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کی سکیموں پر کام کی رفتار بھی تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ضلع کوہستان میں فنڈز کے استعمال کے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے بین الا لصوبا ئی رابطہ حاجی عبدالحق ، تحریک انصاف کے ڈویثرنل صدر زر گل خان ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام سے ضلع کوہستان میں فنڈز کے استعمال اور جاری سکیموں سے متعلق تفصیلات طلب کیں۔

(جاری ہے)

زلزلہ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کی مد میںموجود فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تباہ شدہ املاک و جائداد کی بحالی کو ترجیح دی جائے۔ پہلے سے جاری سکیموں پر کام کی رفتار تیز کرکے جلد مکمل کیا جائے ۔ ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئی سکیموں کو حتمی شکل دے کر محکمہ کے حوالے کیا جائے۔ اسی طرح وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ کے جو فنڈز پہلے سے جاری ہو چکے ہیں انکا استعمال بھی یقینی بنائیں۔

وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں محکمہ خزانہ میں موجود سمری فوری طور پر منظوری کے لئے پہنچانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ سکیمیں ضلع بھر میں یکساں ترقیاتی حکمت عملی کے تحت مکمل کی جائیں اور شفافیت یقینی بنائی جائے تاکہ ہر کسی تک ترقی کے یکساں ثمرات پہنچ سکیں۔

متعلقہ عنوان :