بلاول بھٹو زرداری سے سرگودھا ڈویژن سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں اور کارکنوں کے وفود کی ملاقاتیں

پیپلزپارٹی کا نظریہ شہید بھٹو کا نظریہ ہے ،سب نے ملکر ملک کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا پاکستان بنانا ہے ، بلاول بھٹو زرداری کارکن آپس میں اتحاد برقرار رکھیں ، میری طاقت بنیں تاکہ پارٹی آئندہ انتخابات جیت کر محترمہ شہید کے مشن کی تکمیل کرے،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی

منگل 10 جنوری 2017 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سرگودھا ڈویژن سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں اور کارکنوں نے وفود کی شکل میں ملاقاتیں کیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر اضلاع کے رہنمائوںسے مشاورت کی اور مختلف عہدوں کے امیدواروں کے انٹرویو کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا نظریہ قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ ہے جس کے لئے پارٹی کے جیالوںنے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قیادت میں تاریخی جدوجہد کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سب سے مل کر اس ملک کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا پاکستان بنانا ہے جہاں کسی کے ساتھ بھی امتیازی سلوک نہ ہو اور معاشرے کے ہر طبقے کو عزت اور وقار کی زندگی میسر ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ان عناصر کی مزاحمت کرتے رہیں گے جن کی مزاحمت محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے کی تھی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کارکن آپس میں اتحاد برقرار رکھیں اور میری طاقت بنیں تاکہ پارٹی آئندہ انتخابات جیت کر محترمہ شہید کے مشن کی تکمیل کرے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، پیپلز پارٹی کے سیکریٹر جنرل نیر حسین بخاری، سیکریٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد، پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، جنرل سیکریٹرندیم افضل چن، سیکریٹری اطلاعات مصطفی نواز کھوکھر اور پیپلزپارٹی کے سیکریٹری فنانس حیدر زمان قریشی، سابق ایم این اے نواب شیر وثیر، طارق باجوہ بھی موجود تھے۔