وزیراعلیٰ سندھ کی فلپائن کے نامور باکسر مینی پیکئو کو کراچی آنے کی دعوت

مینی پیکئو کراچی کا دورہ کریں اور لیاری کے نوجوان اور ابھر تے ہوئے باکسروں کی رہنمائی اور ان کی حوصلہ افزائی کریں، مراد علی شاہ

منگل 10 جنوری 2017 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فلپائن کے نامور باکسر مینی پیکئو کو دعوت دی کہ وہ کراچی کا دورہ کریں اور لیاری کے نوجوان اور ابھر تے ہوئے باکسروں کی رہنمائی اور ان کی حوصلہ افزائی کریں ۔انہوںنے یہ دعوت پاکستان میں فلپائن کے سفیرڈینیل راموس اسپیریٹو کے ذریعے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات میں دی۔

فلپائن کے سفیر کے ساتھ کراچی میں فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر عمران وائے محمد اور چیئرمین پاکستان -فلپائن بزنس قونصل محمد اسلم تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت ان کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ ، ایڈ یشنل چیف سیکریٹری (ترقیات )محمد وسیم ، وزیراعلیٰ کے اسپیشل سیکریٹری رحیم شیخ اور ڈی جی پرٹوکول نے کی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ لیاری کراچی کا ایک پرانا علاقہ ہے اور اس کے نوجوانوںمیں کھیلوں باالخصوص فٹ بال اور باکسنگ میں بڑا ٹیلنٹ موجود ہے ۔

انہوںنے کہاکہ فلپائن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوںنے دنیا کے ناموربا کسر پیدا کئے مثلاً : مینی پیکئو۔انہوںنے فلپائن کے سفیر سے کہاکہ میں آپ کے ذریعے مینی پیکوائوکو کراچی کے سرکاری دورے کی دعوت دیتا ہوں کہ وہ یہاں آئیں اور لیاری کے نوجوان باکسروں سے ملاقات کریں ۔ انہوںنے کہا کہ ان کے دورے سے یقیناً ہمارے نوجوان باکسروں کی حوصلہ افزائی ہو گی ۔فلپائن کے سفیر نے کہاکہ آئندہ تین ماہ میں مسڑ مینی پیکوائو سندھ حکومت کے سرکاری مہمان ہوں گے اور لیا ری کا دورہ کریں گے اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ وہ ان کے لئے ایک میگا باکسنگ ایونٹ کا اہتمام کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :