خورشید شاہ سے وائس چانسلر سندھ مدرسةالا اسلام ڈاکٹر محمد علی شیخکی قیادت میں طلبا کے وفدکی ملاقات

سیاست کو اگر عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھ کر اپنایا جائے تو پھر قائد اعظم اور قائد عوام جیسے کردارجنم لیتے ہیں، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی وفد سے گفتگو

منگل 10 جنوری 2017 23:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جنوری2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ سے ڈاکٹر محمد علی شیخ وائس چانسلر سندھ مدرسةالا اسلام کی قیادت میں طلبا کے ایک ساٹھ رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سندھ مدرسة الاسلام نے شعبہ تعلیم میں بیش بہا خدمات سر انجام دیں اور اس کی درخشاں مثال قائد اعظم محمد علی جناح کی اس تعلیمی ادارے سے وابستگی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہیں اس یونیورسٹی کے طالب علموں سے ملاقات کر کے دلی خوشی ہو رہی ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ اس تعلیمی ادارے سے وابستہ طالب علم مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔اور قائد اعظم کے بلند افکار اور کردار کو اپنے لئے ہمیشہ مشعل راہ بنائیں گے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سیاست کو اگر عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھ کر اپنایا جائے تو پھر قائد اعظم اور قائد عوام جیسے کردارجنم لیتے ہیں جو ملک بناتے بھی اور ملک بچاتے بھی ہیں۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار گلزار احمد مغل، اور ڈاکٹر اصف علی ڈین‘ غلام علی سریو ڈائریکٹر فنانس بھی اس پر موجود تھے۔