بچوں کو اچھی تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،2018ء میں نیاایجوکیشن سسٹم دیں گے،وفاقی دارالحکومت میں سکولوں کی اپ گریڈیشن کے بعد سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں فرق نہیں ہو گا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت سکولوں کو بسوںکی فراہمی کی تقریب سے خطاب

بدھ 11 جنوری 2017 11:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہاہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں سکولوں کی اپ گریڈیشن کے بعد سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں فرق نہیں ہو گا، بچوں کو اچھی تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، 2018ء میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرکے جائے گی تو وہ پاکستان کے لئے نیاایجوکیشن سسٹم دے کر جائی گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے حوالے سے سکولوں کو جدید بسوںکی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر اعظم محمد نواز شریف مہمان خصوصی تھے جبکہ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب ، وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، وزارت کیڈ اور دیگر ادارروں کے حکام سمیت اسلام آبادکے مختلف سکولوں کے اساتذہ اور طلباء نے کثیر تعداد میںشرکت کی۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے کہاکہ جب ہم نے پرائم منسٹر ریفارم پروگرام کاآغاز کیا اور اس حوالے سے مختلف سکولوں کا دورہ کیا اور وہاںدور دراز سے آنے والے سپیشل بچوں اور خواتین سے ملی توانہوں نے بتایا کہ ہمیں بسوں کی ضرورت ہے ، پرائیویٹ ٹرانسپورٹ میں ہم محفوظ نہیں ہیں، جب میں نے اس حوالے سے وزیر اعظم محمد نواز شریف سے درخواست کی تو انہوںنے اگلے دن بسوں کی منظوری دی ۔

انہوںنے کہاکہ اس پروگرام کے تحت اسلام آباد میں سکولوں کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے 200 بسیںفراہم کی جارہی ہیں ، بسوں کی پہلی کھیپ میں 70بسیں آچکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سکولوں کے اندر کلاس رومز کی کمی ہے اسے بھی بہت جلد دور کریں گے، سکولوں میں ٹوائلٹس کو ٹھیک کیا ہے اورسکولوں کی حفاظت کے لئے چار دیواریاں بھی بنائی گئی ہیں۔

مزید سکولوں کو بھی محفوظ بنا رہے ہیں۔ آئی ٹی اورسائنس لیبزاور لائبریریز کی اپ گریڈیشن کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں جب سکولوں کی اپ گریڈیشن مکمل ہو گی تو پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں میں فرق نہیں ہو گا ۔ بچوںکو اچھی تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ جب حکومت 2018ء میں اپنا اقتدارپور کرکے جائے گی تو پورے اسلام آباد میں نئے سکول اور نیاایجوکیشن سسٹم دے کر جائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) سکولوں میں معیاری تعلیم اور سکولوں کی بہتری کے لئے اقدامات کررہی ہے ۔