کراچی، پولیس نے مختلف کارروائیاں کرکے تین جعلی سرکاری افسران کو گرفتار کرلیا

ملزمان خود کو نیب کا افسر، ہائی کورٹ کا جج اور نادرا آفیسر ظاہر کرتے تھے، ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے

بدھ 11 جنوری 2017 14:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2017ء) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مختلف کارروائیاں کرکے تین جعلی سرکاری افسران کو گرفتار کرلیا، ملزمان خود کو نیب کا افسر، ہائی کورٹ کا جج اور نادرا آفیسر ظاہر کرتے تھے، ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت لانڈھی پولیس نے نادرا کے دفتر پر چھاپہ مار کر نادرا کا جعلی ملازم گرفتار کرلیا، ملزم خود ایجنٹ کے طور پر کام کرکے لوگوں سے زیادہ پیسے اور جعلی شناختی کارڈ بنوایا کرتا تھا۔

ملزم عابد کے قبضے سے شہریوں کے شناختی کارڈ اور حساس نوعیت کے دستاویزات بھی ملے ہیں، پولیس کے مطابق ملزم کے پاس سے ملنے والے دستاویزات صرف نادرا کے افسران کے پاس ہی ہوتے ہیں، پولیس نے ملزم اور اس کی معاونت کرنے والے نادرا افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب صدر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے جعلی جج کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، ایس ایس ساتھ کے مطابق گرفتار ملزم فیض علی خود کو ہائی کورٹ کا جج ظاہر کرتا تھا ، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں بریگیڈ کے علاقے میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نیب کے جعلی افسر کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق جعلی نیب افسر نے مختلف شہریوں سے چھ لاکھ روپے بٹورے اور ایک شہری کو نوکری کا جھانسہ دے کر دو لاکھ ستر ہزار روپے وصول کیے تھے۔

متعلقہ عنوان :