لاہورہائیکورٹ، نیشنل ٹیرف کمیشن کے سابقہ اقدامات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پراٹارنی جنرل کی طلبی

بدھ 11 جنوری 2017 15:00

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء)لاہورہائیکورٹ نے عدالتی حکم پر نیشنل ٹیرف کمیشن کے ہٹائے گئے کمیشن کے سابقہ اقدامات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پراٹارنی جنرل کو عدالتی معاونت کیلئے طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں کے وکیل شفقت محمود چوہان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کے چیئرمین اور دیگر ممبران کی تعیناتی عدالت عالیہ کی جانب سے کالعدم قرار دی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم پرختم کئے جانے والے نیشنل ٹیرف کمیشن کی جانب سے کئے جانے والے تمام اقدامات اور احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالتی فیصلہ آنے تک پرانے اقدامات پر حکم امتناعی بھی جاری کیا جائے‘جس پر عدات نے کیس کی مزید سماعت انیس جنوری تک ملتوی کر دی۔