لاہور ہائیکورٹ ، تلور کے شکار کی اجازت کے حوالے سے پنجاب کابینہ کی منظوری کی سمری عدالت میں پیش کر دی گئی

بدھ 11 جنوری 2017 15:01

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ میں تلور کے شکار کی اجازت کے حوالے سے پنجاب کابینہ کی منظوری کی سمری عدالت میں پیش،، عدالت نے محکمہ وائلڈ لائف کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے برڈ لائف انٹرنیشنل سے رپورٹ طلب کر لی‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کلیم الیاس ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت تلور سمیت دیگر نایاب پرندوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے اور قانون ایسے پرندوں کے شکار کی اجازت نہیں دیتا جن کو تحفظ فراہم کیا گیا ہو‘ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قانون کی نفی کرتے ہوئے قطر کے شاہی خاندان کے افراد کو شکار کھیلنے کی اجازت دی ہی.ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے پنجاب کابینہ کی جانب سے تلور نسل کے شکار کی اجازت کی سمری عدالت میں پیش کر دی، وائلڈ لائف کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ شکار کرنے سے تلور نسل کی بقاء کو کوئی خطرہ نہیںجس پر عدالت نے محکمہ وائلڈ لائف کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے برڈ لائف انٹرنیشنل سے رپورٹ طلب کر لی‘عدالت نے کیس کی مزید سماعت دس فروری تک ملتوی کر دی۔