مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے معیاری تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، چیئرمین تعلیمی بورڈ ایبٹ آباد

بدھ 11 جنوری 2017 15:15

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد کے چیئرمین جہانداد خان مروت نے کہا ہے کہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے جدید اور معیاری تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، تعلیم کے شعبہ میں ترقی کر کے ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ وہ منگل کو ورٹیکس گروپس آف کالجز سپلائی ایبٹ آباد میں یوم والدین کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (مردانہ) قاضی تجمل، ڈاکٹر عزیز خان، فرنٹیئر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل کالج کے منیجنگ ڈائریکٹر فرمان الله خان، سابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ڈائریکٹر ورٹیکس سکول ایبٹ آباد ڈاکٹر سید مظہر علی شاہ کے علاوہ طلبا ء وطالبات کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں طلبا نے ملی نغمے، ٹیبلو اور تفریحی پروگرام پیش کئے۔

چیئرمین جہانداد خان مروت نے کہا کہ والدین کیلئے اپنے بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کیلئے ادارہ کا انتخاب مشکل ہوتا ہے، ورٹیکس سکول آف کالجز میں زیرتعلیم طلبا ء و طالبات کے والدین خوش قسمت ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کی تعلیم اور تربیت کیلئے ورٹیکس گروپ آف کالجز جیسے اچھے اور معیاری تعلیمی ادارے کا انتخاب کیا۔ جہانداد خان مروت نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی بہت ضروری ہے تاکہ بچے اداروں سے بہترین مُحب وطن پاکستانی بن کر نکلیں اوربہترین انداز میں ملک اور قوم کی خدمت کر سکیں۔

اس موقع پرسکول کے پرنسپل محمد دائود خان نے سکول کی سالانہ کاکردگی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ نے اپنے قیام کے قلیل عرصہ میں والدین کے تعاون اور سٹاف کی محنت سے ترقی حاصل کی،ادارے میں2 سال کے عرصہ میں400 سے زائدطلباء وطالبات زیرِ تعلیم ہیں، ان دو سالوں میں والدین نے اپنے بچوں کی تعلیم وتربیت کیلئے ہم پر بھرپور اعتماد کیا۔

محمد دائود خان نے کہا کہ بورڈآف انٹرمیڈیٹ اور سکینڈری ایجوکیشن کے امتحان میں ورٹیکس سکول کے طلباء اور طالبات نے نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل کی۔ 17 بچے اے پلس گریڈ کے ساتھ کامیاب ہوئے،2016 ء کے سالانہ امتحانات میں بھی ادارہ کے طلباء وطالبات نے کارکردگی کا یہ سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے نمایاں نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں اور دینی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے، نعت خوانی کے مقابلوں میں ورٹیکس سکول ایبٹ آباد نے پورے ضلع میں پہلی پوزیشن حاصل کی، علم و شعور سوسائٹی کے زیراہتمام سکولوں میں نعت اور قرات کے مقابلوں میں بھی ورٹیکس سکول سسٹم نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

خیبر پختونخوا کلچر ڈیپارٹمنٹ کے زیرِاہتمام ملی نغموں کے مقابلوں میں بھی ورٹیکس سکول ایبٹ آباد نے پورے صوبہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ فرنٹیئر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے منیجیگ ڈائریکٹر فرمان الله خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورٹیکس سکول سسٹم آئندہ بھی بہتر نتائج دے گا، والدین کی طرف سے ادارہ پر بھرپور اعتماد ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے، ادارہ کی کاکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے۔

ڈاکٹر سید مظہر علی شاہ نے کہا کہ مختصر وقت میں ورٹیکس سکول سسٹم کی کارکردگی قابلِ تحسین ہے، توقع ہے کہ ادارہ آئندہ بھی اپنی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھے گا۔ تقریب کے دوران بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے چیئرمین اور ورٹیکس سکول سسٹم کے پرنسپل محمد دائود، ڈاکٹر سید مظہر علی شاہ، فرمان الله خان نے اچھی کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے اور مہمان خصوصی کو شیلڈ دی گئی۔

متعلقہ عنوان :