جرگہ کی کوششوں سی2 سال قبل قتل ہونے والی خاتون کے ورثاء میں راضی نامہ ہو گیا

بدھ 11 جنوری 2017 15:15

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) جرگہ کی کوششوں سے 2 سال قبل قتل ہونے والی خاتون کے ورثاء میں راضی نامہ ہو گیا، ورثاء نے خاتون کا قتل فی سبیل الله معاف کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق 2 سال قبل رستم نامی شخص کی اہلیہ قتل ہو گئی تھی جس کی دعویداری مقتولہ کے بھائیوں نے عارف نامی شخص پر کی تھی تاہم 2 سال بعد چن زیب و برادران اور عارف کے درمیان جرگہ کی کوششوں سے صلح ہو گئی۔

جرگہ کے روبرو مقتولہ کے والد اور بھائیوں نے اپنی بہن کا خون فی سبیل الله معاف کر دیا۔ واضح رہے کہ فریقین آپس میں چچا زاد بھائی بھی ہیں تاہم حالات کی وجہ سے فریقین کے مابین گذشتہ 2 سال سے دشمنی چلی آ رہی تھی تاہم چند روز قبل حاجی شیر خان، نذیر تنولی، الیاس تنولی، عبدالقیوم، اقبال گجر اور عقیل تنولی پر مشتمل جرگہ نے فریقین کے مابین تنازعہ ختم کرنے کیلئے کوششیں شروع کیں جو بالآخر گذشتہ روز رنگ لے آئیں۔

(جاری ہے)

ایک مقامی ہوٹل میں منعقد جرگہ میں بحالی، کریڑ اور دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں معززین شریک ہوئے۔ جرگہ کے روبرو دونوں فریقین نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور پرانی رقابتوں کو ختم کرنے کا عہد کیا، فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف قائم مقدمات واپس لینے پر بھی رضامندی ظاہرکر دی۔ جرگہ شرکاء کی جانب سے فریقین کے فیصلہ کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا اور تنازعات کو گھریلو سطح پر پرامن طریقہ سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :