ملک کی تعمیر و ترقی کے معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو قومی سوچ کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی جماعت اسلامی کے وفد سے گفتگو

بدھ 11 جنوری 2017 16:56

ملک کی تعمیر و ترقی کے معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو قومی سوچ کا ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کی طرح تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایک قومی ایجنڈا تشکیل دینا چاہیے تا کہ یکسوئی کے ساتھ ملک کو ترقی کی منزل کی طرف لے جایا جا سکے، سیاسی جماعتوں کے نظریات کچھ بھی ہو ںپاکستانیت اور ملک کی تعمیر و ترقی کے معاملات پر سب کو قومی سوچ کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے میاں مقصود احمد کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حزب اختلاف اور حزب اقتدار جمہوریت کے لیے لاز م و ملزوم ہیں اپوزیشن کی تعمیری اور مثبت سوچ ہمیشہ صاحب اقتدار لوگوں کو سمت کا صحیح رخ متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی اپوزیشن کی تنقیدکو ہمیشہ تعمیری انداز سے لیتی ہے ، سیاسی نظریات خواہ کچھ بھی ہوں ہمیں اہم قومی معاملات پر یکجا ہو جانا چاہیے ۔

انہوں نے ملکی سیاسی نظام میں جماعت اسلامی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ان کی جماعت کے اندر جمہوری نظام قابل تعریف ہے۔وفد نے گورنر پنجاب کے بھانجے کی رحلت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر میاں مقصود احمد نے گورنر پنجاب کو جماعت اسلامی کے بانی سید ابو ا لاعلیٰ مولانا مودودیؒ کی تصنیف تفہیم القرآن کی جلد وں کا سیٹ پیش کیا۔