اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی جارہی ہے‘ قائداعظم یونیورسٹی کے قریب تجاوزات کے خاتمے کے لئے سی ڈی اے نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے، وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان

بدھ 11 جنوری 2017 17:02

اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی جارہی ..
اسلام آباد ۔11جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی جارہی ہے‘ قائداعظم یونیورسٹی کے قریب تجاوزات کے خاتمے کے لئے سی ڈی اے نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ بدھ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر چوہدری تنویر خان‘ ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی‘ طاہر حسین مشہدی اور سینیٹر احمد حسن کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے ایوان کو بتایا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے۔

روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کی صورتحال کا اندازہ لگانے کے لئے سپارکو کی بھی خدمات لی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے صحیح آبادی کے بارے میں معلومات لی جاسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی کچھ اراضی پر ناجائز قبضے ہیں قائداعظم یونیورسٹی کے قریب بھی تجاوزات کے خاتمے کے لئے سی ڈی اے نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

باقاعدہ سروے کے بعد مزید کارروائی ہوگی۔جس اراضی پر قبضہ ہے اس رقبے کے تعین کے لئے جگہ کا تفصیلی سروے کرانے کی ضرورت ہے جوکہ شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بدعنوانی کے خاتمے کے لئے بھرپور کارروائی کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں کوئی بھی چیز نوٹس میں آتی ہے تو اس پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ حکومتی سطح پر کسی قبضہ گروپ کی سرپرستی نہیں کی جارہی۔