کشمیریوں کی حالت زار سے عالمی برادری کی عدم توجہی افسوسناک ہے، میر واعظ عمر فاروق

بدھ 11 جنوری 2017 17:22

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیر یوں کی جدوجہد حق خود اردیت کے عالمی اصولوں کے عین مطابق ہے لیکن اسکے باوجود عالمی برادری کی اس حوالے سے عدم توجہی انتہائی افسوسناک ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک میڈیاانٹرویو میں کہا کہ اقوا م عالم کی خواہشات انکی ذاتی اور اسٹرٹیجک مفادات کے تابع ہو چکی ہیںاور اگر ایسا نہ ہوتا تو تنازعہ کشمیر کب کا حل ہو چکا ہوتا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ حالیہ احتجاجی تحریک کشمیر کی گزشتہ ستر برس کی مزاحمتی تحریک میں انتہائی بے مثال تھی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد شاہ نے اپنے بیان میں بھارت نواز سیاست دانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے اپنے بھارتی آقائوں کی خوشنودی کے لیے کشمیر کا زرہ زرہ بیچ کھایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جموںوکشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو کم کرنے کے لیے غیر کشمیری ہندو پناہ گزینوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں ایک مذہبی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتہاپسند ہندو جنونیوںنے جموںریجن میں خوف و ہراس کا ماحول قائم کر رکھا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے جموں کے مسلمانوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ فسطائی عناصر بے گناہ مسلمانوں کے خلاف اپنی نفرت کی پیاس بجھانے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء میر شاہد سلیم نے جموںمیں فرقہ پرست قوتوں کے عتاب کا نشانہ بننے والے مسلمانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط کٹھ پتلی انتظامیہ پورے جموں خطے میں مسلمانو ں پر حملے اور انہیں ہراساں کرنے والی مسلم مخالف قوتوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ دوران حراست لاپتہ کشمیریوں کے والدین کی تنظیم (اے پی ڈی پی ) نے سال2017کاکیلنڈر ’’یوسف نامہ‘‘ جاری کیاہے ،جس میں بارہ لاپتہ نوجوانوں کی تصاویر اور ان کی گمشدگی کی روداد کو قلمبند کیاگیا ہے ۔

کیلنڈر میں انقلابی شعراء کی شاعری بھی شامل کی گئی ہے ۔ حریت رہنمائوں مختار احمد وازہ اور ہلال احمد وار نے آج پلوامہ کے مختلف علاقوں کے دوروں کے دوران عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔

متعلقہ عنوان :