وفاقی وزیرچوہدری محمد برجیس طاہر سے گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان کی ملاقات

بدھ 11 جنوری 2017 17:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بے پناہ وسائل اور معدنیات کی سرزمین گلگت بلتستان عنقریب پاکستان کا معاشی حب بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی سیاسی صورتحال کے علاوہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے گلگت بلتستان میں کئی بڑے منصوبوں کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی سہولت کے لیے جگلوٹ سکردو روڈ پر کام کا آغا ز ہو چکا ہے اور اربوں روپے کے اس منصوبے سے گلگت بلتستان میں خوشحالی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی حال ہی میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے 14 میگا واٹ نلتر پاور پروجیکٹ کا افتتاح کیا ہے جس سے گلگت بلتستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں بے پناہ مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کے پاور ہائوس کا درجہ رکھتا ہے اوریہاں 40 سے پچاس ہزار میگاواٹ پن بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے جسے نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کر کے بھرپور فائدہ اٹھا یا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ دیامر بھاشا ڈیم کی زمین کے حصول کا کام مکمل ہو چکاہے اور اس پر تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز جلد کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی کیلئے بڑی صلاحیت رکھتا ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری سے مستقبل میں گلگت بلتستان کے عوام بے حد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حافظ حفیظ الرحمن کی قیادت میں گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت وزیر اعظم نواز شریف کے وژن پر سختی سے کاربند ہے اور تمام حکومتی اُمور میں عوام کی خدمت اور شفافیت کو ترجیح دی رہی ہے۔

گورنر گلگت بلتستان نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی اور تعاون پر محمد نواز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح محمدنواز شریف اور وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے موثر اور ٹھوس اقدامات کر رہے ہیںاس کی ماضی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے اسی ایجنڈے پر عملدر آمد کیلئے وہ وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون سے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :