چوہدری نثار علی خان نیشنل ایکشن پلان پر اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش کررہے ہیں ،سید قائم علی شاہ

میرے دور میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارنے سندھ اپیکس کمیٹی کے ایک اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی ،سابق وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 11 جنوری 2017 18:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں اور مجھ پر بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارکی جانب سے ان پر لگائے گئے الزامات پر اپنے ردعمل میں سید قائم علی شاہ نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ میرے دور میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارنے سندھ اپیکس کمیٹی کے ایک اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی ، نیشنل ایکشن پلان کا کپتان ملک کے اجتماعی فہم کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہا ہے،انہوں نے کہاکہ سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں نیشنل ایکشن پلان سب سے زیادہ مقبول رہا اور اس پر عملدرآمد کے لیے بھی سندھ نے بھرپور کوششیں کیں جبکہ چودھری نثار تو دیگر صوبوں میں نیشنل ایکشن پلان نافذ کرانے میں مکمل طور ناکام رہا ہے،سابق وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہاں تک کہ وزیراعظم اور آرمی چیف نے بھی سندھ میں امن و امان کی صورتحال میں 80فیصد بہتری پر میرے کام کو سراہا تھا، انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ میرے دور میں دہشتگردی کے 90کیسز فوجی عدالتوں میں بھیجے گئے اور انسداد دہشتگردی کی 30نئی عدالتیں قائم کی گئیں اور مزید 10عدالتیں قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی، سید قائم علی شاہ نے اعتراف کیا کہ میرے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارسے تعلقات اس وقت کشیدہ ہوئے جب ایف آئی اے نے حکومت سندھ کے دفاتر پر چھاپے مارے اور آئین اور قانون کی سرعام خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری فائیلیں بھی اٹھائے گئے،وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کی یقین دہانی کے باوجود وہ فائیلیں تاحال واپس نہیں ہوئیں ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کو مشورہ دیاہے کہ وہ اپنے کام پر توجہ دیں، محفوظ شہر اسلام آباد کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں سے شہری گمشدہ ہو رہے ہیں وہ ان کی محفوظ بازیابی کے لیے اقدامات اٹھائے، انہوں نے کہا کہ ملک کو چودھری نثار جیسے ناکارہ نہیں بلکہ نصیراللہ بابر جیسے نڈر اور ذہین وزیر داخلہ کی اشد ضرورت ہے۔