جموں وکشمیر پیپلز پارٹی آزادکشمیر کاریاست میں فوری صدارتی انتخاب دوبارہ کرانے کا مطالبہ ‘احتجاج کی دھمکی دیدی

بدھ 11 جنوری 2017 19:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) جموں وکشمیر پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے ریاست میں فوری صدارتی انتخاب دوبارہ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کی دھمکی دیدی ۔ پارٹی نے واضح کیا ہے کہ ڈیڈ لائن 17 جنوری کو ختم ہو رہی ہے ‘ اگر اُس سے قبل غیر آئینی ‘ غیر قانونی صدر کو نہ ہٹایا گیا تو ریاست گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی ۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل جموں وکشمیر پیپلز پارٹی آصف گیلانی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسعود خان متعدد بار اقرار کر چکے ہیں کہ وہ دُنیا کو سچ بتانے آئے ہیں اور سچ بتانے میں وہ ناکام ہیں ۔ اخلاقیات اور رواداری کے تقاضوں کے مطابق حکومت پاکستان کے ملازم کو عہدہ سے مستعفی ہو کر الیکشن لڑنا چاہیے تھا ۔ لیکن انہوںنے صدر بن کر استعفیٰ دیا ۔

(جاری ہے)

اس سے زیادہ ریاستی آئین کے ساتھ اور ووٹ کے تقدس کے ساتھ کیا کھلواڑ ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی آزادکشمیر میں اس قدر مداخلت ہے کہ ایک ملازم کو ریاست کے سب سے مقدس عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے ۔ مسعود خان نوجوانوں کو شارٹ کٹ استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہیں لیکن سب سے بڑا شارٹ کٹ انہوں نے خود استعمال کیا اور صدر ریاست بن گئے ‘ آصف گیلانی نے کہا کہ مسعود خان پر اعتراض نہیں مگر اُن کے طریقہ کار جس انداز سے وہ صدر بنے ہیں اُس پر اعتراض ہے ۔

متعلقہ عنوان :