چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان کے بعض علاقوں میں گیس کی قلت اور چوری کا معاملہ قائمہ کمیٹی پٹرولیم کے سپرد کر دیا

جسمانی سزا کی ممانعت کے بل پر مزید غور کیلئے ایوان بالا میں رپورٹ پیش کرنے کی معیاد میں 130 دنوں کی توسیع کی بھی اجازت

بدھ 11 جنوری 2017 20:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے بلوچستان کے بعض علاقوں میں گیس کی قلت اور چوری کے معاملے کو قائمہ کمیٹی پٹرولیم و قدرتی وسائل کے سپرد کر دیا ، ایوان بالا میں جسمانی سزا کی ممانعت کے بل پر مزید غور کے لئے رپورٹ پیش کرنے کی معیاد میں 130 دنوں کی توسیع کی بھی اجازت دے دی گئی ۔

بدھ کو ایوان میں سینٹر ڈاکٹر اشوک کمار نے توجہ دلائو نوٹس پیش کیا کہ بلوچستان کے ضلع قلات کے مختلف علاقوں میں گیس کے کم پریشر کی وجہ سے علاقے کے قریبی جنگل سے قلات سے لکڑیاں کاٹنے پر مجبور ہیں ۔اس معاملے پر وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ متذکرہ علاقے میں سردیوں میں تین ملین کیوبک فیٹ جبکہ گرمیوں میں ایک ملین کیوبک فیٹ گیس کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ اس علاقے کو اب 12 ملین کیوبک فیٹ گیس فراہم کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

گیس کے کم پریشر کی بنیادی وجہ گیس چوری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تحقیقات کے لئے کسی بھی قسم کی کمیٹی بنائی جاسکتی ہے۔ چیرمین سینٹ نے یہ معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا ۔ ایوان میں قائمہ کمیٹی خزانہ و اقتصادی امور کی بے نامی میں جائیداد رکھنے پر ممانعت کے لئے قانون وضح کرنے کے بل پر رپورٹ پیش کر دی گئی بل کو بے نامی ترسیلات ممانعت کا نام دیا گیا ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ امور سینٹر عبدالرحمان ملک نے بچوں کو جسمانی سزا کے ممانعت کے قانون سے متعلق بل پر مزید غور کے لئے رپورٹ پیش کرنے کی معیاد میں توسیع کی تحریک پیش کی۔ تحریک کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا جس کے تحت جسمانی سز ا کی ممانعت کے قانون پر مزید غور کے لئے 130 دن کی توسیع کی اجازت دے دی گئی ہے۔ …(ا ع)