نیب کرپشن پر قابو پانے میں ناکام ہوچکا، احتساب قوانین پر نظر ثانی یا ترمیم کا فیصلہ پارلیمانی مشترکہ کمیٹی کرے گی،شاہ محمود قریشی

بدھ 11 جنوری 2017 20:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے نیب کو کرپشن پر قابو پانے میں ناکام قرار دیا ہے اور وضاحت کی کہ احتساب قوانین پر نظرثانی یا اس میں ترمیم کا فیصلہ پارلیمانی مشترکہ کمیٹی کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کیا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیب کا ادارہ کرپشن پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، کیوں کہ لوٹ مار کرنے والے مگر مچھ آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں لیکن نیب کی پکڑ اور گرفت سے باہر ہیں،انہوں نے کہا کہ احتساب قوانین سے متعلق مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں نیب آرڈیننس کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا لیکن معاملات پر ابھی غور ہو رہا ہے اور حتمی فیصلے کی جانب ابھی نہیں بڑھے ہیں ، تمام معاملات افہام و تفہیم سے طے کیے جانے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی خودمختار ادارہ ہے اور احتساب قوانین کا از سر نو جائزہ لینے یا پھر اس میں ترمیم کرنے کا فیصلہ بھی کمیٹی کرے گی اور اس سلسلے میں تحریک انصاف کے پہلے ہی ایک بل پیش کیا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ممبران اس بل کے مسودے کو بھی دیکھیں۔

(وقار)