دنیا کے معاشی تجزیہ کار پاکستان کی معیشت کے استحکام کی پیشگوئیاں کر رہے ہیں جو موجودہ حکومت کی محنت اور موثر پالیسیوں کا شاخسانہ ہے، آپریشن ضرب عضب سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کی بدولت امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے، بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کا پی ٹی وی کے پروگرام ’’لائیو ایٹ فائیو‘‘ میں اظہار خیال

بدھ 11 جنوری 2017 21:17

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ دنیا کے معاشی تجزیہ کار پاکستان کی معیشت کے استحکام کی پیشگوئیاں کر رہے ہیں جو موجودہ حکومت کی گذشتہ تین سال کی محنت اور موثر پالیسیوں کا شاخسانہ ہے، قوم نے گذشتہ دو تین سال میں جو قربانیاں دی ہیں اور امن کی بحالی کے لیے جو کوششیں کی ہیں یہ ان کا ثمر ہے کہ آج پاکستان کے معاشی استحکام کی دنیا پیشگوئیاں کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام ’’لائیو ایٹ فائیو‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کی بدولت ملکی امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیںاوریہاں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے جو ملکی معیشت کے استحکام کا بھی باعث بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ہم گذشتہ سال اپنے اہداف کے حصول کو یقینی نہیں بنا سکے لیکن گذشتہ سال حاصل ہونے والی 4.74 فیصد کی شرح نمو گذشتہ 8 سالوں کی سب سے زیادہ شرح ہے اور ہم ہر سال اسے مزید بہتر بنا رہے ہیں اور اس سال بھی ہمارا ساڑھے پانچ فیصد کے ہدف کے حصول کے لیے کوشاں ہیں، دنیا یہ مان رہی ہے کہ ہم 5.3فیصد حاصل کر لیں گے لیکن جو اعدادوشمار نظر آ رہے ہیں وہ بڑے اچھے ہیںاس لیے ہم پرامید ہیں کہ ہم اپنے 5.5فیصد کے ہدف کو ضرور پورا کر لیں گے اور ہو سکتا ہے اسے کراس بھی کر لیںجس سے اور ترقی ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے برآمدکنندگان کے لیے 180ارب روپے کا جو پیکج دیا ہے وہ بہت ہی کارگر ثابت ہوگا اور یہ کمپنیاں پہلے سے زیادہ ایکسپورٹ کریں گی اور جب وزیراعظم محمد نواز شریف نے برآمدکنندگان کے لیے اعلان کیا تو ان ایکسپورٹرز کی خوشی کی انتہا نہ رہی اور وہ ایکسپورٹرز جوان دنوں جرمنی میں ہائی ٹیک کے نام سے لگے ایک بڑے میلے میں موجود ہیں وہ لوگ وہاں سے فون کر کے پوچھ رہے تھے تاکہ وہ اسے اپنے منافع میں جمع کر سکیں اس لیے ہمیں قوی یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے ہمیں بہت فائدہ ہو گا اور ملک مزید ترقی کرے گا۔