وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس، خواتین کو بااختیار اور ہنر مند بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ

بدھ 11 جنوری 2017 21:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2017ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں خواتین کو بااختیار بنانے، ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ہنر مند بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خواتین انتہائی باصلاحیت اور ذہین ہیں ۔

انہوں نے اقوام عالم میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے نام کمایا ہے۔ پنجاب حکومت نے خواتین کو با اختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں۔ خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام اور ان کے وراثت کے حق کو یقینی بنانے کیلئے موثر قانون سازی کی گئی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہر سال ہزاروں بچوں اور بچیوں کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے اور ٹیوٹا کے زیر اہتمام مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق بچوں اور بچیوں کو ٹیکنیکل کورسز کرائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

2018تک بیس لاکھ بچوں کو ہنر مند بنانے کے ہدف کے حصول کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے اربوں روپے کے پروگراموں کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی فنی تعلیم و تربیت کیلئے شاندار ادارے کا قیام وقت کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنانے کیلئے اقدامات تیزی سے کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ منیبہ مزاری اور ان جیسی دیگر باہمت اور باصلاحیت خواتین کا معاشرے کی تعمیر و ترقی میں کردار لائق تحسین ہے۔ سماجی کارکن منیبہ مزاری نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے شاندار کام کر رہی ہے۔ خواتین کی ترقی اور خصوصی بچوں کی فلاح کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہو گا۔ صوبائی وزیر ترقی خواتین حمید وحید الدین ، سوشل ورکر منیبہ مزاری ، ممبر یو این ہائی لیول پینل برائے ہیومن اکنامک ان پاورمنٹ فضہ فرحان ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سلمان صوفی ، چیئرمین ٹیوٹا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔