کشمیری مسلمانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی‘ پروفیسر حافظ سعید

آٹھ لاکھ بھارتی فوج کو جلد کشمیر سے نکلنا پڑے گا اور مظلوم کشمیری آزاد فضا میں سانس لے سکیں گے‘ آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے یہاں کے عوام اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی کھل کر مدد کریں‘ فرقہ واریت مسلمانوں کے لئے زہر قاتل ہے ‘ اسے ختم کرنے کی ضرورت ہے‘13جنوری کو دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں بڑی کشمیر کانفرنس ہو گی‘امیرجماعةالدعوة پاکستان کامرکزام القریٰ مظفر آباد میں منعقدہ کارکنان کی تربیتی نشست سے خطاب

بدھ 11 جنوری 2017 21:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) امیرجماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہاہے کہ کشمیری مسلمانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی‘ آٹھ لاکھ بھارتی فوج کو جلد کشمیر سے نکلنا پڑے گا اور مظلوم کشمیری آزاد فضا میں سانس لے سکیں گے‘ آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے یہاں کے عوام اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی کھل کر مدد کریں‘ فرقہ واریت مسلمانوں کے لئے زہر قاتل ہے ‘ اسے ختم کرنے کی ضرورت ہے‘13جنوری کو دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں بڑی کشمیر کانفرنس ہو گی‘ مذہبی و سیاسی جماعتیں متحد ہو کر جدوجہد آزادی کشمیر سے متعلق مضبوط پیغام دیں گی۔

وہ بدھ کو جماعت الدعوة آزاد کشمیر کے زیر اہتمام مرکزام القریٰ مظفر آباد میں منعقدہ کارکنان کی تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیرجماعةالدعوة آزادکشمیرمولاناعبدالعزیزعلوی،مولاناسیف اللہ خالد اورزونل مسئول کشمیرزون حمیدالحسن سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تربیتی نشست میں کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیری قوم سڑکوں پر موجود اور پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہی ہے۔

کشمیریوں کی معاشی ناکہ بندی اور تمام تر ظلم وستم کے باوجود تحریک آزادی کودن بدن مضبوط ہوتا دیکھ کر بھارتی ایوانوں میں لرزہ طاری ہے۔ مظلوم کشمیری کسی صورت بھارتی فوج کا غاصبانہ قبضہ برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انڈیا کشمیریوں کیخلاف ایسے ہتھیار وں کا استعما ل کررہا ہے جس سے انکی آنکھیں ضائع ہو رہی اور مختلف امراض پھیل رہی ہیں۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ آج اس ظلم پر بین الاقوامی دنیا نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی پر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔انہوںنے کہاکہ کشمیر میں بدترین ظلم وستم اور کشمیریوں کے بھرپور احتجاج کی وجہ سے تحریک ایک نیارخ اختیار کر چکی ہے۔ کشمیری مسلمان قربانیاں پیش کر کے اپنا حق ادا کر رہے ہیں۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ پاکستان بھی کشمیریوں کے اصل وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور مظلوم کشمیریوں کی کھل کر مددوحمایت کی جائے۔

کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بدترین ظلم و بربریت پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کی جاسکتی۔ جماعةالدعوة کشمیری مسلمانوں کی ہرممکن مددوحمایت کرے گی اور انہیں کسی صورت بھارت سرکار کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ اجائے گا۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان اسلام کی مکمل تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کیلئے بنایا گیا تھا۔ بانی پاکستان محمد علی جناح نے ہر جگہ اسلام کو بنیادی نقطہ قرار دیا۔

آج بھی ہم نظریہ پاکستان کی بنیاد پر ہی پاکستان کو اسلامی ریاست بنا سکتے ہیں۔ جماعت الدعوة ایک تحریک کی طرح نظریہ پاکستان کے احیاء کیلئے پروگرام کر رہی ہے جو وقت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت بلوچستان، سندھ اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی کی آگ بھڑکار ہا ہے اور مشرقی پاکستان والا کھیل کھیلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انڈیا کو یا د رکھنا چاہیے کہ یہ 1971ء والا پاکستان نہیں ہے۔

یہ اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت رکھنے والا ملک ہے اور پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ مل کر ازلی دشمن بھارت کو ناکوں چنے چبوانے کیلئے تیار ہے۔انہوںنے کہاکہ تقسیم ہند کے موقع پر حیدرآباد دکن ، جونا گڑھ اور دیگر مسلم اکثریتی ریاستوں نے بھی لاالہ الااللہ کی خاطر پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا مگر انگریز اور ہندو کے گٹھ جوڑ کے نتیجہ میں یہ علاقے پاکستان کے ساتھ شامل نہ ہو سکے۔

آج کشمیر ی مسلمان بھی اسی کلمہ کیلئے پاکستان سے ملنا چاہتے ہیںتاہم بھارت سرکار کی جانب سے ان پر بے پناہ مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اللہ کے مخلص بندوں کی قربانیاںکسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر پوری قوت سے جاری ہے اورجاری رہے گی۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔