گورنر سندھ جسٹس(ر) سعیدالزماں صدیقی 79سال کی عمرمیں خالق حقیقی سے جاملے

سینے میں تکلیف ،سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا فوری ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ انتقال کرگئے سعیدالزمان صدیقی نے 11 نومبر 2016ء کو گورنر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، صرف 2ماہ2دن گورنر کے عہدے پر فائز رہے صدر ممنون حسین ، وزیر اعظم محمد نواز شریف ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،وفاقی وزراء و دیگر اہم شخصیات کا سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر اظہار افسوس

بدھ 11 جنوری 2017 21:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2017ء) گورنر سندھ جسٹس( ریٹائرڈ) سعیدالزماں صدیقی بدھ کو کراچی کے نجی ہسپتال میں 79کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نواز شریف ،وفاقی وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ترجمان گورنر ہاس کے مطابق سندھ کے گورنر جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی انتقال کرگئے ہیں، عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی طبیعت بدستور خراب تھی اور وہ کئی بار اسپتال میں زیر علاج رہے تھے تاہم بدھ کو گورنر سندھ کی طبعیت اچانک خراب ہوئی، انہیں سینے میں تکلیف اورسانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

(جاری ہے)

سعید الزماں صدیقی سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس اورسندھ کے 31ویں گورنر تھے۔ سعیدالزمان صدیقی نے 11نومبر 2016 کو گورنر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، اس طرح وہ صرف 2 ماہ2دن گورنر کے عہدے پر فائز رہے۔سعیدالزماں صدیقی کے انتقال کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر بن گئے، وہ نئے گورنر کی نامزدگی اور حلف برداری تک قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دیں گے۔

گورنر سندھ کے انتقال پر صدر ممنون حسین ،وزیراعظم محمد نواز شریف ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ،وفاقی وزراء چودھری نثار علی خان ،خواجہ محمد آصف ،خواجہ سعد رفیق ،راناتنویر حسین ،وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب ،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری ،جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فض الرحمن ،جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق ،عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندر یار ولی خان ،ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار ،متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت ،پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال ،سندھ کے وزراء نثار احمد کھوڑو ،منظور حسین وسان ،جام مہتاب ڈہر ،سید ناصر حسین شاہ ،مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو سمیت اہم شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

وزیر اعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ قانون وانصاف کیلئے سعیدالزماں صدیقی کی گرانقدر خدمات ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی یکم دسمبر 1937کو بھارت کے شہر لکھنو میں پیدا ہوئے۔ 1954 میں انہوں نے جامعہ ڈھاکہ سے انجینئرنگ میں گریجویشن کی۔ جامعہ کراچی سے 1958 میں وکالت کی تعلیم حاصل کی۔ 5 نومبر1990 کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقررہوئے۔

23مئی 1992کو انہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کر دیا گیا۔ یکم جولائی 1999 سے 26جنوری 2000 تک چیف جسٹس آف پاکستان رہے۔ وہ پاکستان کے 15ویں چیف جسٹس تھے۔ جسٹس سعید الزماں صدیقی کو جنرل پرویز مشرف کے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ حلف نہ اٹھانے کی پاداش میں انہیں برطرف کرکے اہل خانہ سمیت نظر بند کردیا گیا تھا۔سعیدالزماں صدیقی کو 25 اگست 2008 کے صدارتی انتخاب میں مسلم لیگ(ن) نے صدارتی امیدوار بھی نامزد کیا تھا۔