متأثرین محمدی کالونی کو معاوضہ دیا جائے،مولانا عبدالغفور حیدری

حکومت کا کام لوگوں کو گھر فراہم کرنا ہے ،بے گھر کرنا نہیں، جمعیت علماء اسلام متاثرین کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی،وفد سے گفتگو

بدھ 11 جنوری 2017 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2017ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکریٹری ڈپٹی چیئر مین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ متأثرین محمدی کالونی کو معاوضہ دیا جائے۔ حکومت کا کام لوگوں کو گھر فراہم کرنا ہے ،بے گھر کرنا نہیں۔ جمعیت علماء اسلام متاثرین کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ انوار العلوم مہران ٹاؤن میں متاثرین محمدی کالونی یو سی 42ضلع غربی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان ، مفتی عبدالحق عثمانی ، قاضی امین الحق آزاد بھی موجود تھے۔ جبکہ وفد میں معززین محمدی کالونی ماما جہانزیب ، مولانا حفیظ اللہ لاچاری ، قاری افسر علی ، خالد شاہ ، غنی الرحمن ، محمد علی ، شاکر حسین ، سلیم سواتی ، عثمان پراچہ ، اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے مولانا عبدالغفور حیدری کو بتایا کہ محمد ی کالونی (مچھرکالونی)محنت کشوں کی پچاس سالہ قدیم آبادی ہے۔

اور غریب محنت کشوں نے بڑی مشکل سے اپنے گھر آباد کئے ہیں۔ لیکن اب حکومت کی جانب سے نوٹس جاری کئے گئے ہیں جبکہ صوبائی حکومت متاثرین کو معاوضہ دینے کے لئے بھی تیار نہیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اگر آپ کی کالونی سی پیک منصوبے میں ہے تو اس کا اصول معاوضہ ادا کرنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کا کام عوام کو گھر فراہم کرنا ہے ،بے گھر کرنا نہیں۔ محمد ی کالونی کے جن متاثرین کو نوٹس جاری کئے گئے ہیںحکومت کا فرض ہے کہ انہیں معاوضہ دیا جائے ۔انہوںنے وفد کو یقین دلایا کہ جمعیت علماء اسلام آپ کے جائز حق کے حصول کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی اور متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں بات کرے گی۔

متعلقہ عنوان :