تعلیم یافتہ ہونے کی سب سے بڑی خوبی یہ ہوتی کہ وہ انسان کو اقتدار و اختیار سے بے نیاز کر دیتی ہے‘رفیق رجوانہ

ہمارے قومی اور ملی فرض کا تقاضہ ہے کہ ہم سب پاکستان کو اپنی اپنی حیثیت اور مقام میں مضبوط سے مضبوط تر بنائیں‘گورنرپنجاب

بدھ 11 جنوری 2017 22:04

تعلیم یافتہ ہونے کی سب سے بڑی خوبی یہ ہوتی کہ وہ انسان کو اقتدار و اختیار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ ہونے کی سب سے بڑی خوبی یہ ہوتی کہ وہ انسان کو اقتدار و اختیار سے بے نیاز کر دیتی ہے،خدمت خلق کے لیے اختیار کا ہونا ضروری نہیں جتنا بے لوث جذبوں کا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام پی ایم ایس کے ساتویں پوسٹ انڈیکشن کورس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ افسران بھی ڈاکٹر صاحبان کی طرح مسیحا کا درجہ رکھتے ہیں وہ اگر زخموں کا علاج کرتے ہیں تو آپ مشکلات کا مداوا کرتے ہیں ،آ پ کی کارگردکی کا سب سے بڑا انعام اور منہ بولتا ثبوت درحقیقت سائل کی مشکلات کا ازالہ ہونا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا اولین فریضہ اور ہماری جماعت کے منشور کی بنیادعام آدمی کو تحفظ اور با وقار زندگی مہیا کرنا ہے یہ اُسی صورت ممکن ہے جب آپ افسران جو حکومتی مشینری کا ہروال دستہ ہیں اپنے فرائض کودیانتداری اور تندہی سے سر انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کا اصل ہدف یہ ہے کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور آسانیاں فراہم کریں۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے قومی اور ملی فرض کا تقاضہ ہے کہ ہم سب پاکستان کو اپنی اپنی حیثیت اور مقام میں مضبوط سے مضبوط تر بنائیں تاکہ آنے والی نسل کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان منتقل ہو سکے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بہتر عوامی خدمات اور گڈ گورننس کے مقصد کے حصول کے لیے سرکاری افسران انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید نظام حکومت میں آپ لوگوں کا کردار مرکزی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ موجودہ حکومتی پالیسیوں کے تسلسل ، معاشی اور عوامی اعتماد کے قیام کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جیسا آپ اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کرنے جا رہے ہیں میں آپ کو یہ بات یاد دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران متحرک ذرائع ابلاغ اور بخوبی آگاہ عوام کے احتسابی عمل سے گزرنا پڑے گا ۔

لہذا آپ کو مشکلات سے دو چار عوام کے مسائل کے حل کے لیے انتھک محنت کرنا ہوگی اور اپنی قائدانہ اور انتظامی صلاحیتوں کے جوہر دکھانا ہوں گے۔بعد ازاںگورنر پنجاب نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے افسران میں اسناد تقسیم کیں ۔ قبل ازیں، مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری ندیم ارشاد کیانی نے کورس کے ا ہم خدوخال کے بارے میں آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :