صدر ، و زیر اعظم ، چیئرمین ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، سپیکروڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ، وزیر اعلیٰ پنجاب،آرمی چیف اورمختلف سیاسی و سماجی شخصیات کا گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی کی وفات پر افسوس کا اظہار

بدھ 11 جنوری 2017 20:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین ، و زیر اعظم محمد نواز شریف ، چیئرمین ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، سپیکروڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ، وفاقی وزیر داخلہ وزیر اعلیٰ پنجاب،سابق صدر آصف علی زرداری ، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مرحوم سعید الزمان صدیقی کی قانون کی بالادستی کیلئے خدمات یاد رکھی جائیں گی۔

بحیثیت جج سعید الزمان نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم نے گورنر سندھ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحوم کی قانون کی بالادستی کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ بحیثیت جج انہوں نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ غیر جمہوری عناصر کیخلاف ان کی مزاحمت اور قربانیاں بے مثال ہیں۔

صدر ممنون حسین نے بھی گورنر سندھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعید الزمان صدیقی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ممنون حسین نے کہاکہ مرحوم جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے آئین کی بالادستی کو ہمیشہ مقدم رکھا اور ان کی خدمات کو تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی۔

انہوں نے کہاکہ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی ہمیشہ اصولوں پر کاربند رہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کی وفات پر ایک ر وزہ سوگ کا اعلان کر دیا اور ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سعید الزمان صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بھی گورنر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ آئین کی بالادستی کیلئے سعید الزمان صدیقی کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔

چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے گورنر سندھ جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برادشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفرالحق اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے بھی گورنر سندھ جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی کی خدمات کو سراہا۔

اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے سعید الزمان صدیقی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ و زیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سعید الزمان صدیقی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعید الز مان صدیقی کے انتقال سے پاکستان محب وطن شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔

ان کی ملک و قوم کیلئے خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔سابق صدر آصف علی زرداری ، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیر اعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ انہوں نے بطور چیف جسٹس آف پاکستان بڑے اہم فیصلے کیے۔ انہوں نے سعید الزمان صدیقی کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کیلئے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی سعید الزمان صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نوا ب ثناء اﷲ زہری ‘ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ‘ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا نے بھی گورنر سندھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ……(رانا)