کیڈٹ کالج برائے خواتین مردان کی کلاسزکا رواں سال اجراء یقینی بنانے کی ہدایت

بدھ 11 جنوری 2017 22:37

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے کیڈٹ کالج برائے خواتین مردان کی رواں سال کلاسزکا اجراء یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔انہوںنے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبوں کی آئوٹ سورسنگ کو بھی جلد مشتہر کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واٹر سپلائی اینڈ سینٹیشن کمپنیز کے تمام ڈویژنل سربراہان کا اجلاس بلا کر ایک جامع اور قابل عمل ماڈل تیارکریں جس کے تناظر میں منصوبے مشتہر کئے جائیں۔

ہم صفائی کا ایک مربوط سسٹم چاہتے ہیں۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح کے دو مختلف اجلاسوں کی صدارت کررہے تھے ۔صوبائی وزیر محمد عاطف ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ڈی سی مردان، چیف پراجیکٹ آفیسر برائے اعلیٰ تعلیم ، چیف ایگزیکٹیوآفیسر واٹر سپلائی اینڈ سنٹیشن کمپنی مردان، مردان کیڈٹ کالج برائے خواتین کے بورڈ آف گورنرز کے اراکین اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے رواں سال کیڈٹ کالج کی کلاسسز شروع کرنے کیلئے اپریل تک تمام انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کالج کیلئے ٹیچنگ اور ایڈمنسٹریشن سٹاف کیلئے مجوزہ سیلیکشن کمیٹی سے بھی اتفاق کیا۔اجلاس کوبتایا گیا کہ گریڈ 17 اور اُس سے اوپر اور گریڈ 17 سے نیچے کے سٹاف کی سیلیکشن کیلئے علیحدہ علیحدہ سٹینڈر ڈفارمیٹ بنایا گیا ہے۔

اس فارمیٹ سے اجلاس نے اتفاق کیا ۔وزیراعلیٰ نے کیڈٹ کالج مردان کیلئے تاحال کرنل شیر خان کیڈٹ کالج صوابی کے رولز اختیار کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا اور کہا کہ بعدازاںوقت کے ساتھ ضرورت کی بنیاد پر ترامیم کی جا سکتیں ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کیڈٹ کالج کے کیمپس کی تعمیر کیلئے محکمہ زراعت کی اراضی حاصل کرنے کے سلسلے میں ترمیم شدہ سمری بھیجنے کی ہدایت کی ۔

انہوںنے فقیر بند میں پرائمری سکول کیلئے اویکیوٹرسٹ کی زمین کیلئے متعلقہ فورم پر بات کرنے کا حکم دیا ۔گڑھی دولت زئی میں سائنس لیبارٹری کے قیام اور طور و گرائونڈ مردان کیلئے اوقاف کی زمین لیز پر لینے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ مردان جیل پارک اور جوڈیشل کمپلیکس مردان کے قیام کیلئے بھی طریقہ کار وضع کیا جائے اور قانونی راستہ نکالا جائے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وویمن یونیورسٹی مردان کی تعمیر کیلئے اراضی کا مسئلہ بھی جلد حل کرنے کی ہدایت کی ۔مزیدبرآں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں کالجز کے قیام کے سلسلے میں حکومتی فیصلے پر عمل درآمد پرکام تیز کیا جائے انہوںنے کہاکہ فیزیبیلٹی کی بنیاد پر کالجز کا قیام عمل میں لایا جائے اور اس مقصد کیلئے میرٹ کی بنیاد پر موزوں ترین سائٹس کا انتخاب یقینی بنایا جائے ۔

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبوں کی آئوٹ سورسنگ پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پرائمری کولیکشن سمیت مکمل منصوبہ آئوٹ سورس کیا جائے ہم صوبے میں صفائی کا کل وقتی حل چاہتے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واٹر اینڈ سنٹیشن کمپنی مردان کے ملازمین کو تنخواہیں ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں جاری کی جائیں تاکہ ملازمین خوش اسلوبی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کرانا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے اگرکسی فیصلے پر عمل درآمد کی راہ میں کوئی رکاوٹ ہو تو بروقت مطلع کیا جائے ۔حکومت اس رکاوٹ کو دور کرے گی ۔ہم ہر شعبے میں عوام کو خدمات کی آسان فراہمی یقینی بنانا چاہتے ہیںاور عوام کو درپیش مسائل حل کرنے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔