کراچی چیمبر اور کے ایم سی کی مشترکہ لائژن کمیٹی کے قیام پر اتفاق

میئرکراچی نے ڈپٹی میئر ارشدوہرہ کو فوکل پرشن مقرر کردیا

بدھ 11 جنوری 2017 22:53

کراچی چیمبر اور کے ایم سی کی مشترکہ لائژن کمیٹی کے قیام پر اتفاق
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی چیمبر کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئی کے ایم سی اور کے سی سی آئی کے درمیان لائژن کمیٹی قائم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جس کا مقصد کراچی کے بلدیاتی مسائل کو حل کرنا ہے۔ کمیٹی کی سفارشات پر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ کے سی سی آئی میں اجلاس سے خطاب میں انہوں نے ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کو کے ایم سی کے سی سی آئی لائژن کمیٹی کا فوکل پرسن مقرر کیا جبکہ کمیٹی میں کراچی چیمبر کے 4 سے 5 کے قریب نمائندے شامل کئے جائیں گے۔

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے آگے بڑھ کر سنجیدگی اور نیک نیتی سے ساتھ کام کیا جائے۔ اجلا س میں چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی،کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپو،سینئر نائب صدر آصف نثار، نائب صدر محمد یونس سومرو،سابق صدر کے سی سی آئی اے کیو خلیل، یونس محمد بشیر،اسمال ٹریڈرز کی خصوصی کمیٹی کے چیئرمین مجید میمن اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

وسیم اخترنے کہاکہ کراچی کی شہری حکومت اختیارات نہ ہونے کی وجہ سے کمزور ہے، خاص طور پر انتظامی اور مالی معاملات میں اختیارات دینے سے کراچی کی عوام کے لیے کچھ کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔ انہوں نے ٹیکسوں کی ادائیگیوں کے لئے شہری حکومت کے نوٹسز پر شرکاء کے تحفظات کے جواب میں یقین دہانی کروائی کہ وہ اس معاملے پر غور کریں گے اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلاس بلاکر مناسب حل نکالیں گے۔

انہوں نے بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے کراچی چیمبر سے تعاون طلب کرتے ہوئے کے ایم سی کی مختلف تجاویز پر مبنی دستاویز بھی پیش کیں جس میں یہ بتایا گیا کہ کس طرح کے سی سی آئی اور کے ایم سی کراچی کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تاجر برادری سے انہیں فنڈز نہیں چاہئے لیکن ہم یہ ضرور چاہتے ہیں کہ تاجربرادری کے ایم سی کے اثاثہ جات اسکولز، پارکس، اسپتالوں اور ڈسپنسریوں کو اپنا کر تعاون کرے۔

چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے کہاکہ کراچی چیمبر ایسے سیاستدانوں کی حمایت کرتا رہا ہے جو کراچی کی بہتری کے لئے کوششیں کرتے ہیں جبکہ شہر کی بہتری کے لیے کچھ کرنے میں ناکام ہونے والوں کی کراچی چیمبر نے ہمیشہ مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور مجرمانہ سرگرمیوں میں 70 سے 80 فیصد کمی ہوئی۔

سراج قاسم تیلی نے کہا کہ ایف بی آر، ایس آر بی اور مقامی حکومت کے ٹیکس ہونے چاہئے لیکن دہرے ٹیکسوں سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے میئرکراچی کو مشورہ دیا کہ چھوٹے ترقیاتی منصوبوں پر فوری کام شروع کیا جائے جن میں بالخصوص سڑکوں کی پیوند کاری شامل ہے جس کی تکمیل سے شہریوں کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔ قبل ازیں کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپو نے میئر کراچی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے عوام اور تاجروصنعتکار برادری کو میئر کراچی سے بہت توقعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی کامیابی ان کی کارکردگی پر منحصر ہے۔

متعلقہ عنوان :