آئی سی سی نے ون ڈے سیریز سے پہلے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی

گرین شرٹس 8ویں ، بنگلہ دیش کی ٹیم ساتویں نمبر پر ہے ،پاکستان کو موجودہ پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کم از کم ایک میچ میں لازمی فتح درکار آسٹریلوی ٹیم بدستور پہلے ، دوسرے پر جنوبی افریقہ تیسرے پر بھارت براجمان مئی 2019 میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں میزبان انگلینڈ اور7 ٹاپ رینکنگ سائیڈز براہ راست شرکت کریں گی

جمعرات 12 جنوری 2017 13:31

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2017ء) پاکستان اور کینگروز کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا جوڑ 13 جنوری کو برسبین کے میدان میں پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ٹیم اس وقت 89 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں پوزیشن پر موجود ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم 91 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہے۔پاکستان کو موجودہ پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کم از کم ایک میچ میں لازمی فتح درکار ہے، اگر 2 میچز میں کامیابی حاصل کی تو پوائنٹس91 ہو جائیں گے لیکن اسکے باوجود بنگال ٹائیگرز نمبر 7پر براجمان رہیں گے۔

سیریز میں فتح کی صورت میں پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کو رینکنگ میں پیچھے چھوڑ دے گی اور ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے کے مواقع بڑھ جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس وقت رینکنگ میں آسٹریلوی ٹیم 120 پوائنٹس کیساتھ سرفہرست ہے، دوسرے نمبر پر 116 پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ ، بھارت 111 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، نیوزی لینڈ اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، انگلینڈ 107 پوائنٹس لیکر 5 ویں، سری لنکا 101 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے، بنگلہ دیش 7ویں، پاکستان 8 ویں، ویسٹ انڈیز 9 ویں نمبر پر موجود ہے۔

مئی 2019 میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں میزبان انگلینڈ اور7 ٹاپ رینکنگ سائیڈز براہ راست شرکت کریں گی جبکہ باقی 4 ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ کی 6 ٹیموں کے ساتھ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں حصہ لیں گی اور ٹاپ 2 ٹیمیں ورلڈ کپ میں شرکت کی اہل ہوں گی۔