پی سی بی نے فیکا کی وضاحتی رپورٹ مستردکردی

سیکیورٹی ماہرین کے نام بتائے جائیں جن کی رپورٹس کو بنیاد بنایا جا رہا ہے، نجم سیٹھی

جمعرات 12 جنوری 2017 13:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بے نام سیکیورٹی ماہرین کی جانب سے تحفظات کی بنیاد پر سامنے لائی جانے والی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیکا اس طرح کے بیانات دے کر کھیل کی کوئی خدمت نہیں کر رہی۔ پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ فیکا کی حالیہ رپورٹ پڑھ کر حیرت ہی نہیں افسوس بھی ہوا، معلوم نہیں کہ انہوں نے پاکستان میں غیر ملکیوں اور لگڑری ہوٹلز پر حملوں کی معلومات کہاں سے جمع کی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کا فائنل ایک دن کا معاملہ ہے جس کیلئے حکومت نے لاہور میں تین ہزار سے زائد فوجی اور پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی ضمانت دی ہے اور ویسے بھی فیکا دنیا بھر کے پلیئرز کی نمائندہ تنظیم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے سوال کیا کہ اگر فیکا یہ دعویٰ کرتی ہے کہ اسے مبینہ طور پر سیکیورٹی ماہرین نے یہ معلومات فراہم کی ہیں تو پی سی بی بھی جاننا چاہے گا کہ ان سیکیورٹی ماہرین کے نام بتائے جائیں جن کی رپورٹس کو بنیاد بنایا جا رہا ہے۔

ادھر پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ فیکا کی رپورٹ بچگانہ طرز عمل سے زیادہ نہیں، جس کے حکام پاکستان سے ہزاروں میل دور بیٹھے ہیں اور ایک سیکیورٹی ماہر کا نام تک بتانے سے قاصر ہیں جس نے یہ رپورٹ دی ہے۔ پی سی بی کے مطابق گزشتہ پانچ سال کے عرصے میں کسی ایک غیر ملکی فرد یا کسی لگڑری ہوٹل پر حملہ نہیں ہوا اور اسی دوران کینیا، زمبابوے، بنگلا دیش ویمنز، افغانستان کے علاوہ ملائیشیا کی ٹیموں کی میزبانی بھی کراچی اور لاہور میں کسی مشکل کے بغیر کی گئی ہے۔