ایمازون کینیڈا پر موجود بھارتی پرچم کے انداز میں بنے ڈور میٹس کے اشتہار نے بھارت میں نیا تنازع کھڑا دیا

ایمازون اس اشتہار پر فی الفورغیر مشروط معافی مانگے،بھارتی وزیر خارجہ

جمعرات 12 جنوری 2017 15:09

ایمازون کینیڈا پر موجود بھارتی پرچم کے انداز میں بنے ڈور میٹس کے اشتہار ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2017ء) ایمازون کینیڈا پر موجود بھارتی پرچم کے انداز میں بنے ہوئے ڈور میٹس کے ایک اشتہار نے بھارت میں نیا تنازع کھڑا دیا جبکہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے آن لائن خرید و فروخت کی ویب سائٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایمازون اس اشتہار پر فی الفور 'غیر مشروط معافی' مانگے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایمازون کینیڈا پر موجود بھارتی پرچم کے انداز میں بنے ہوئے ڈور میٹس کے ایک اشتہار نے بھارت میں نیا تنازع کھڑا دیا ہے۔ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے آن لائن خرید و فروخت کی مشہور ویب سائٹ پر موجود 'طویل مدت کیلئے قابل استعمال، مشین سے دھوئے جانے جبکہ گھر اور باہر استعمال کے لیے موجود ڈور میٹس' پر بنے جھنڈوں کی نشاندہی کی، جس کے بعد بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج غصے میں آگئیں۔

(جاری ہے)

سشما سوراج نے غصے کا اظہار سوشل میڈیا پر بھی کیا۔اپنے ٹوئٹر اکانٹ کے ذریعے سشما سوراج نے آن لائن خرید و فروخت کے ویب سائٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ایمازون اس اشتہار پر فی الفور 'غیر مشروط معافی' مانگے۔بھارتی وزیر خارجہ نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اس 'توہین آمیز' پراڈکٹ کا اشتہار ویب سائٹ سے ہٹایا جائے۔ساتھ ہی انہوں نے کینیڈا میں تعینات بھارتی سفیر کو مخاطب کرکے یہ بھی لکھا کہ یہ پراڈکٹ 'ناقابل برداشت' ہے معاملے پر ایمازون کے اعلی حکام سے رابطہ کیا جائے۔

ان ٹوئیٹس کے بعد بھی سشما سووراج کا غصہ کم نہ ہوا اور انہوں نے ایمازون کو دو ٹوک انداز میں واضح کردیا کہ اگر ڈور میٹس کے یہ اشتہارات نہ ہٹائے گئے تو آئندہ ایمازون کے حکام کو مزید ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے اور جاری شدہ ویزوں کو بھی معطل کردیا جائے گا۔جس کے بعد یہ ڈور میٹ کا اشتہار ویب سائٹ سے غائب ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :