کشمیری قوم کو بہادر افواج پاکستان پر فخر ہے‘ کنٹرول لائن پر دفاع وطن پر مامور فوجی جوانوں اور آزاد کشمیر کے شہریوں کا خون ساتھ بہتا ہے‘ اس طرح ہمارے درمیان ایک خون کا رشتہ بھی قائم ہو چکا ہے ‘ آزاد کشمیر کے ہر دوسرے ، تیسرے گھر کا جوان افواج پاکستان کا حصہ ہے‘ اس وقت بھی دو کور کمانڈر ز اور دیگر عہدوں پر ہزاروں افسروں کا تعلق آزاد کشمیر سے ہونے پر ہمیں فخر ہے ‘ دفاع وطن کیلئے سرحدوں اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھی آزاد کشمیر کے نوجوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے‘ یہاں سیلاب ہو یا زلزلہ ہر آفت سماوی اور بیرونی خطرے کی صورت میں افواج پاکستان نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کشمیریوں کی مدد کی‘ جس کیلئے ہم مسلح افواج پاکستان کے شکر گزار ہیں

صدر آزاد جموںو کشمیر سردار محمد مسعود خان کی جی او سی مری میجر جنرل کلیم آصف سے بات چیت

جمعرات 12 جنوری 2017 16:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2017ء) صدر آزاد جموںو کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ کشمیری قوم کو بہادر افواج پاکستان پر فخر ہے۔ کنٹرول لائن پر دفاع وطن پر مامور فوجی جوانوں اور آزاد کشمیر کے شہریوں کا خون ساتھ بہتا ہے۔ اس طرح ہمارے درمیان ایک خون کا رشتہ بھی قائم ہو چکا ہے ۔ آزاد کشمیر کے ہر دوسرے ، تیسرے گھر کا جوان افواج پاکستان کا حصہ ہے، اس وقت بھی دو کور کمانڈر ز اور دیگر عہدوں پر ہزاروں افسروں کا تعلق آزاد کشمیر کی دھرتی سے ہے جس پر ہمیں فخر ہے ، دفاع وطن کیلئے سرحدوں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھی آزاد کشمیر کے نوجوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

یہاں سیلاب ہو یا زلزلہ ہر آفت سماوی اور بیرونی خطرے کی صورت میں افواج پاکستان نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کشمیریوں کی مدد کی۔

(جاری ہے)

جس کے لئے ہم مسلح افواج پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز یہاں جی او سی مری میجر جنرل کلیم آصف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے صدارتی دفتر مظفرآباد میں صدر آزاد کشمیر سے الوداعی ملاقات کی۔

اس موقعہ پر کنٹرول لائن کی صورتحال ، ریاست میں امن و مان اورباہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے میجر جنرل کلیم آصف کی جی او سی مری کے مدت تعیناتی کے دوران اعلیٰ خدمات ، کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری کے متاثرین کی بھرپور مدد ۔ آزاد کشمیر کی حکومت اور سول انتظامیہ کے ساتھ مربوط تعلق اور بہترین حکمت عملی کے تحت کام کرنے پر اُن کی تعریف کی۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آپ یہاں اچھی یادیں چھوڑ کر جارہے ہیں ۔ آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آزادکشمیر کے لوگ افواج پاکستان کا دل سے احترام کرتے ہیں ۔ آپ نے اپنی مدت تعیناتی کے دوران عوام اور آزاد کشمیر کی انتظامیہ سے جو شاندار تعلق قائم کیا تھا امید ہے وہ آئندہ بھی برقرار رہے گا۔ صدر سردار مسعودخان نے شفاف الیکشن کرانے پر بھی جی او سی مری کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت پاکستان آئندہ انتخابات میں افواج پاکستان کے اس تجربے سے ضرور استفادہ کرے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سکندر سلطان راجہ نے میجر جنرل کلیم آصف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر نے گذشتہ عام انتخابات کے دوران جی او سی مری کی قیادت میں افواج پاکستان نے بہترین کردار ادا کیا اور آزاد کشمیر میں صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا ۔ امن و امان کے قیام کے لئے فوجی جوانوں نے بھرپور صلاحینتوں کا مظاہرہ کیا۔

یہی وجہ تھی کہ 2016ء کے الیکشن آزادکشمیر کی تاریخ کے پرامن طرین اور شفاف الیکشن تھے۔ انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر بشیر میمن نے بھی میجر جنرل کلیم آصف کو اعلیٰ خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ۔ اور امن و امان کے قیام کیلئے افواج پاکستان کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقعہ پر جی او سی مری نے صدر آزاد کشمیر او ر دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگ مہمان نواز اور بھرپور تعاون کرنے والے ہیں ۔ ہمیں الیکشن کے دوران اور پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی کے دوران عوام ،حکومت اور سول انتظامیہ کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ میں اچھی یاد یں لیکرجا رہا ہوں اور آزاد کشمیر کے ساتھ قائم ہونے والا تعلق ہمیشہ برقرار رہے گا۔