سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی میںشمولیت پر مخدوم فیصل صالح حیات کو شدید مزاحمت کا سامنا، نوجوانوں کی شدید تنقید

اجڑے ہوئے باغیچہ میں نیا پودا لگانے کی بجائے پہلے سے تیار شدہ باغ میں جائیں، نوجوانوں کا مشورہ

جمعرات 12 جنوری 2017 16:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2017ء) مخدوم سید فیصل صالح حیات کو پیپلز پارٹی میں شمولیت کے فیصلہ پر شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حلقہ کی عوام نے فیصل صالح حیات کے اس فیصلہ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر نوجوانوں نے فیصل صالح حیات پر شدید تنقید شروع کر دی ہے اور کہا ہے کہ ماضی میں جن لوگوں کو عدالت میں کرپٹ ثابت کرنے کے لئے مقدمہ دائر کئے گئے تھے اب انہی لوگوں کے ساتھ اتحاد کرنا غیر منصفانہہ اقدام ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر نوجوانوں نے مخدوم فیصل کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اجڑے ہوئے باغیچہ میں نیا پودا لگانے کی بجائے پہلے سے تیار شدہ باغ میں جائیں تاکہ حلقہ کی تقدیر بدلی جا سکے۔ نوجوان نسل جو کہ آج کل سیاسی طور پر بالغ ہو چکی ہے نے کہا ہے کہ ووٹ ضمیر کی بنیاد پر دیئے جائیں گے ذاتی مفادات کی بنیاد پر ووٹ دینے کا وقت گزر چکا ہے۔ مخدوم سید فیصل صالح حیات اپنے حلقہ میں ہر دل عزیز شخصیت ہیں اور گزشتہ 5 دفعہ اس حلقہ سے منتخب ہو کر ممبر قومی اسمبلی بنے ہیں۔ حلقہ عوام کی محبت کی بدولت مخدوم سید فیصل صالح حیات وزیر کامرس دیہی ترقی، وزیر داخلہ، ہاؤسنگ ، ماحولیات، کشمیر امور جیسی وزارتوں پر براجمان رہ چکے ہیں