سشما سوراج کی دھمکی ،ایمازون نے بھارتی پرچم کے ڈرومیٹس والا اشتہارہٹادیاگیا

بھارتی وزیرخارجہ نے اشتہارنہ ہٹانے پر ایمازون حکام کو ویزے جاری نہ کرنے کا حکم دیاتھا

جمعرات 12 جنوری 2017 18:32

سشما سوراج کی دھمکی ،ایمازون نے بھارتی پرچم کے ڈرومیٹس والا اشتہارہٹادیاگیا

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2017ء) امریکی آن لائن شاپنگ ویب سائٹ ایمازون کینیڈانے بھارتی وزیرخارجہ کی جانب سے دی گئی دھمکی کے بعد بھارتی پرچم کے انداز میں بنے ہوئے ڈور میٹس کے اشتہار کو ویب سائٹ سے ہٹادیا،میڈیارپورٹس کے مطابق ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے آن لائن خرید و فروخت کی مشہور ویب سائٹ پر موجود 'طویل مدت کیلئے قابل استعمال، مشین سے دھوئے جانے جبکہ گھر اور باہر استعمال کے لیے موجود ڈور میٹس' پر بنے جھنڈوں کی نشاندہی کی، جس کے بعد بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج غصے میں آگئیں۔

سشما سوراج نے غصے کا اظہار سوشل میڈیا پر بھی کیا۔اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے سشما سوراج نے آن لائن خرید و فروخت کے ویب سائٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ایمازون اس اشتہار پر فی الفور غیر مشروط معافی مانگے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر خارجہ نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اس 'توہین آمیز' پراڈکٹ کا اشتہار ویب سائٹ سے ہٹایا جائے۔ساتھ ہی انہوں نے کینیڈا میں تعینات بھارتی سفیر کو مخاطب کرکے یہ بھی لکھا کہ یہ پراڈکٹ 'ناقابل برداشت' ہے معاملے پر ایمازون کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا جائے۔

ان ٹوئیٹس کے بعد بھی سشما سووراج کا غصہ کم نہ ہوا اور انہوں نے ایمازون کو دو ٹوک انداز میں واضح کردیا کہ اگر ڈور میٹس کے یہ اشتہارات نہ ہٹائے گئے تو آئندہ ایمازون کے حکام کو مزید ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے اور جاری شدہ ویزوں کو بھی معطل کردیا جائے گا۔جس کے بعد یہ ڈور میٹ کا اشتہار ویب سائٹ سے غائب ہوگیا۔ایمازون کے ترجمان نے ایک ای میل میں وضاحت کی کہ مذکورہ پراڈکٹ کے اشتہار کو ویب سائٹ سے ہٹالیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :