حکمرانوں نے غیر ملکی قرضوں میں سابقہ حکومتوں کو مات دیدی ، ہرپاکستانی 1لاکھ 20ہزار کا مقروض ہے ،سینیٹر شبلی فراز

صورتحال روز بروز خراب ہو رہی ہے، اس کا نوٹس لیا جائے،سینٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس پر اظہار خیال تمام قرضے قانون کے مطابق لئے جاتے ہیں، ملکی سطح پر قرضوں میں بھی کمی ہو ئی ہے، وزیر قانون زاہد حامد

جمعرات 12 جنوری 2017 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2017ء) ایوان بالا میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے توجہ دلاؤ نوٹس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے غیر ملکی قرضوں میں سابقہ حکومتوں کو مات دیدی ہے اس وقت ہرپاکستانی 1لاکھ 20ہزار کا مقروض ہے ۔ صورتحال روز بروز خراب ہو رہی ہے۔ اس کا نوٹس لیا جائے۔ سینٹ میں سینیٹر شبلی فراز نے نوٹس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے حکمران قرضہ لیتے وقت خوش ہوتے ہیں اس وقت ہر پاکستانی شہری1لاکھ 20ہزار کا مقروض ہے اور اس وقت مجموعی قرضہ21کھرب سے زائد ہو چکا ہے جو کہ72.5فیصد جی ڈی پی کا حصہ ہے اس کو جی ڈی پی کا 60فیصد ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ قرضوں کے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس سال کے لئے 1.6کھرب روپے جنوری سے لینے کا منصوبہ بنایا ہے جو کہ بہت خطرناک ہے اس وقت ٹیکس وصول 3.4کھرب جبکہ قرضے 9کھرب سے بڑھ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے تحت بھی قرضے لیئے گئے ہیں مگر اس کے بارے میں اپوزیشن کو آگاہ نہیں کیا جا رہا ہے۔

اس سے مزید شکوک و شبہات پید اہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں قرضوں کو لگام دینی ہو گی۔ وزیراعظم روز افتتاح کرتے ہیں مگر اس کے لئے ہمارے پاس کوئی رقم نہیں ہے۔ جب تک ہم ٹیکس نیٹ میں اضافہ نہیں کر یں گے اس وقت تک کوئی نیا منصوبہ نہیں ہو سکتا ہے اور ہم کس طرح سے اپنے قرضے ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وسائل کے مطابق اخراجات کریں اور ڈائریکٹ ٹیکس میں اضافہ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ تمام قرضے قانون کے مطابق لئے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ملکی قرضہ غیر ملکی قرضوں میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر قرضوں میں بھی کمی ہو ئی ہے۔۔۔( علی)

متعلقہ عنوان :