فاروق عبداللہ کی حریت کانفرنس کے موقف کی حمایت ایک نئی تبدیلی ہے، بھارت حقائق کا ادراک کرتے ہوئے ہٹ دھرمی ترک کرے ، بھارت کو کشمیریوں کو حق آزادی دینا ہوگا، بھارت کے تمام تر حربوں کے باوجود تحریک آزادی کشمیر پورے عزم اور حوصلے سے جاری ہے،رکن آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سردار عتیق احمد خان کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 12 جنوری 2017 19:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر ورکن آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر فاروق عبداللہ کی طرف سے حریت کانفرنس کے موقف کی حمایت ایک نئی تبدیلی ہے۔ بھارت کو حقائق کا ادراک کرتے ہوئے ہٹ دھرمی ترک کر کے کشمیریوں کو حق آزادی دینا ہوگا۔

بھارت کے تمام تر حربوں کے باوجود تحریک آزادی کشمیر پورے عزم اور حوصلے سے جاری ہے۔ کشمیر میں دی جانے والی قربانیوں کے نتیجے میں کشمیریوں کو ضرور آزادی ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں، سابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، سینئر جوائنٹ سیکرٹری عابد عباسی، ممبر گورننگ باڈی راجہ بشیر عثمانی نے سردار عتیق احمد خان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

سردار عتیق احمد خان کے ہمراہ ممبر آزاد کشمیر اسمبلی سردار صغیر چغتائی سابق وزیر حکومت راجہ یاسین خان، سردار عاصم عباسی، بشارت عباسی بھی موجود تھے۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیر میں دی جانے والی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان قربانیوں کے نتیجے میں کشمیری آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے ابلاغی محاذ پر پاکستانی صحافی اپنا کردار ادا کریں۔

مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ہر روز اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے ہیں۔ کشمیریوں کی منزل آزادی اور پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے۔ کشمیریوں نے طویل ترین احتجاج کی تاریخ رقم کر دی ہے۔ ڈیڑھ سو ارب خرچ کرنے کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے مودی کو ایک نشست بھی نہیں دی ہے۔