چیئرمین واپڈا کا غازی بروتھا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ، پاور چینل اور پاور ہائوس کا جائزہ لیا

غازی بروتھا ہائیڈل پاور سٹیشن اپنے پہلے پیداواری یونٹ کی تکمیل سے اب تک نیشنل گرڈ کو 91 ارب 10 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کر چکا ہے

جمعرات 12 جنوری 2017 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2017ء) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے غازی بروتھا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ غازی بروتھا ہائیڈل پاور سٹیشن اگست 2003 ء میں اپنے پہلے پیداواری یونٹ کی تکمیل سے اب تک قومی نظام کو 91 ارب 10 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کر چکا ہے۔

بجلی کی یہ پیداوار منصوبے کے پی سی۔ون میں مذکورہ عرصہ کیلئے مقررہ ہدف سے 8 ارب 60کروڑ یونٹ زیادہ ہے۔ غازی بروتھا ہائیڈل پاور سٹیشن کے پی سی۔ ون میں مذکورہ عرصہ کیلئے پیداوار کا ہدف 82 ارب 50 کروڑ یونٹ تھا۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا کے پن بجلی گھر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اِن پن بجلی گھروں سے نہ صرف ملک میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل رہی ہے بلکہ ان سے پیدا ہونے والی بجلی سستی ہونے کے باعث صارفین کیلئے بجلی کے نرخ کم سطح پر رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غازی بروتھا ہائیڈل پاور سٹیشن واپڈا کا دوسرا بڑا پن بجلی گھر اور انجینئرنگ کا شاہکارہے ۔ انہوں نے غازی بروتھا ہائیڈل پاور سٹیشن کی مؤثردیکھ بھال اور فعال آپریشن پر پراجیکٹ انتظامیہ کی تعریف کی۔

قبل ازیں چیئرمین واپڈا نے پاور چینل اور پاور ہائوس کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کیا۔غازی بروتھا ہائیڈل پاور پراجیکٹ کی انتظامیہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ یہ منصوبہ تقریباً 96 ارب روپے کی لاگت سے 2004 ء میںمکمل کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے تین بڑے حصے ہیں ، جن میں بیراج، پاور چینل اور پاور ہائوس شامل ہیں ۔ منصوبے کا بیراج تربیلا ڈیم سے 7 کلومیٹر زیریں جانب تعمیر کیا گیا ہے۔

بیراج سے پاور ہائوس تک تعمیر کی گئی پختہ پاور چینل کی لمبائی 52 کلومیٹر ہے اور اس میں پانی کے بہائو کی صلاحیت ایک ہزار6سو مکعب میٹر فی سیکنڈ ہے۔ اس پاور چینل کو دنیا کی سب سے بڑی پختہ پاور چینل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ بروتھا کے مقام پر پاور ہائوس واقع ہے، جس کی مجموعی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 450 میگاواٹ ہے ۔پاور ہائوس میں پانچ پیداواری یونٹ نصب ہیں، جن میں سے ہر ایک کی پیداواری صلاحیت 290 میگاواٹ ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ منصوبے کے پی سی ون میں پاور ہائوس سے بجلی کی سالانہ اوسط پیداوار کا اندازہ 6 ارب60 کروڑ یونٹ لگایا گیا تھا، لیکن یہ پاور ہائوس سالانہ اوسطاً 7 ارب 10 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :