نادرا سروس سنٹر کا دفتر پاجیاں سے رائے ونڈمنتقل کرنے کی بجائے ختم کردیا گیا

جمعرات 12 جنوری 2017 20:43

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2017ء) نادرا سروس سنٹر کا دفتر پاجیاں سے رائے ونڈمنتقل کرنے کی بجائے ختم کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چند سال قبل ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر اور سابق صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور کی کوششوںسے رائے ونڈ میں نادراسروس سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیاتھا لیکن علاقہ میںکوئی بھی الگ مناسب سرکاری جگہ میسر نہ ہونے کی وجہ سے اس کو بلدیہ رائے ونڈ کے دفتر میں تین کمروں میں ضم کردیا گیا اور نادرا کا دفتر کامیابی سے چلتا رہا ،اسی دوران تقریباً ایک سال کے وقفہ کے بعد سابق ڈی سی او لاہور نسیم صادق رائے ونڈ آئے اور انہوں نے ٹائون کمیٹی آفس سے ملحقہ سرکاری گرلز سکول کی عمارت کو تعداد کے لحاظ سے کم سمجھتے ہوئے بلدیہ رائے ونڈ کی وسیع و عریض عمارت کو گرلز سکول میں شامل کرنے کے احکامات دے دئیے جس پر عمل درآمد کے بعد جہاں ٹائون کمیٹی کا سالوں پرانا دفتر ختم کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

نادرا کا عارضی دفتر بھی ختم ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان کے حکم سے نادرا کا آفس وقتی طور پر پاجیاں یوسی رائے ونڈ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ کے دفتر میں تین کمروں میں شفٹ کردیا گیا یہاں پر مختلف موضعات کے پٹوار خانے بھی موجود ہیںاور حالانکہ کافی کمرے خالی پڑے تھے ۔اسسٹنٹ کمشنر نے یہاں پر نادرا آفس کے قیام کی مخالفت کی اور یہ سلسلہ چلتا رہا ،اسی دوران نادرا آفس کو شہر میں پرائیوئٹ جگہ پر منتقل کرنے کی سیاسی کوششیں جاری رہیں ،لیکن اس سے پہلے کہ کوئی سیاسی کوشش کامیاب ہوتی ،گزشتہ دنوں ڈی سی اور لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کی طرف سے حکم نامہ جاری کیا گیا ہے کہ نادرا آفس کیلئے الگ سے جگہ نہ ملنے تک اس دفتر کو فی الفور ختم کردیا جائے جس کے بعد فوری طور پر کام روک کر دفتر کو تالا لگادیا گیا ہے۔

موجودہ صورتحال پر شہریوں میں شدیدپریشانی کی لہر دوڑ چکی ہے اور شہری سراپا احتجاج ہیں ان کا کہنا ہے کہ نادرا آفس کو فی الفور کھولا جائے ۔

متعلقہ عنوان :