اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور عورت فائونڈیشن کے باہمی تعاون سے خواتین انٹرپرینیورز کی ترقی کیلئے نئے منصوبے کا اجراء،خواتین کی سکلز ڈویلپمنٹ اور استعداد کار کو بہتر کرکے انہیں اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کی کوشش کی جائیگی

یو ایس ایڈ جنڈر ایکویٹی پروگرام کے تحت منصوبے کی تکمیل کیلئے فنڈز فراہم کرے گا

جمعرات 12 جنوری 2017 20:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2017ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے عورت فائونڈیشن کے اشتراک سے خواتین انٹرپرینیورز کی ترقی کیلئے ایک نئے منصوبے کا اجراء کیا جس کے تحت خواتین کی سکلز ڈویلپمنٹ اور استعداد کار کو بہتر کرکے انہیں اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ( یو ایس ایڈ) جنڈر ایکویٹی پروگرام کے تحت اس منصوبے کی تکمیل کیلئے فنڈز فراہم کرے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ عورت فائونڈیشن کے اشتراک سے جاری کردہ نیا منصوبہ خواتین کو ہنر مند بنانے اور ان کی استعداد کار کو بہتر بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری کل آبادی کا نصف حصہ ہیں اور ان کو قومی دھارے میں لائے بغیر پاکستان پائیدار اقتصادی ترقی حاصل نہیں کر سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آٖ ف کامرس نے پہلے بھی یونیڈو کے تعاون سے ایک وویمن گرائوتھ سنٹر قائم کیا ہے جس کا مقصد خواتین انٹرپرینیورز کو کاروبار کے فروغ کے معاملات میں معاونت کرنا ہے جبکہ عورت فائونڈیشن کے تعاون سے نیا منصوبہ خواتین کی ترقی کیلئے مزید معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس خواتین کو کاروبار کے فروغ میں سہولت فراہم کر کے ان کو اقتصادی طور پر خودکفیل اور مضبوط بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔

منصوبے کے تحت اسلام آباد چیمبر آف کامرس خواتین کی استعداد کار کو بہتر کرنے ، ان کو مارکیٹنگ کے شعبے میں ضروری معلومات و مہارت فراہم کر نے اور مصنوعات کا معیار بہتر کرنے کیلئے کوالٹی کنٹرول سمیت دیگر شعبوں میں خواتین کیلئے تربیتی پروگرامز منعقد کرے گا۔ چیمبر خواتین کو اپنا کاروبار شروع کرنے اور اس کو بہتر فروغ دینے کی کوششوں میں مدد کرے گا ۔

اس کے علاوہ خواتین انٹرپرنیورز کیلئے چیمبر اپنی ویب سائٹ پر ایک الگ ویب پورٹل فراہم کرے گا۔ خواتین انٹرپرینیورز کو کاروبار سے متعلقہ معلومات فراہم کرنے کیلئے چیمبر میں ایک خواتین ڈیسک بھی قائم کیا جائے گا۔ چیمبر مقامی مارکیٹ میں خواتین انٹرپرینیورز کیلئے کاروبار کے پرکشش مواقع تلاش کرنے کی کوشش کرے گا اور نجی شعبے میں ہنر مند اور تربیت یافتہ خواتین کیلئے ملازمت کے مواقع تلاش کرنے کی بھی کوشش کرے گا تا کہ ایسی خواتین کو باعزت روزگار مل سکے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عورت فائونڈیشن کے نمائندگان محتر ماہپارہ شکیل غوری اور عبدالرحیم خان نے اپنے ادارے کی نمایاں کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ عورت فائونڈیشن خواتین کو معاشرے میں باعزت مقام دلوانے کیلئے پچھلی تین دہائیوں سے مفید کردار ادا کر رہی ہے۔انہوںنے اس امید کا اظہار کیا کہ عورت فائونڈیشن اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا باہمی تعاون خواتین انٹرپرینیورز کی بہتر ترقی کیلئے مفید ثابت ہو گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک اور نائب صدر طاہر ایوب نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کا اشتراک خواتین کے خوشحال مستقبل کیلئے موثر کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :