پی سی بی ریجنل ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ تیسرا رائونڈ، راولپنڈی ، کراچی اور اسلام آباد نے کامیابیاں حاصل کر لیں

جمعرات 12 جنوری 2017 21:10

پی سی بی ریجنل ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ  تیسرا رائونڈ، راولپنڈی ، کراچی اور ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2017ء) پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی) ریجنل ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راونڈ میں راولپنڈی ، کراچی اور اسلام آباد نے کامیابیاں حاصل کر لی ۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے تیسرے راونڈ کے پہلے میچ میں راولپنڈی نے پشاور کو نوید ملک کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 8 وکٹوں سے شکست دیدی،پشاور کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راولپنڈی کی نپی تلی باولنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 186 رنز پر آوٹ ہو گئی۔

راولپنڈی کی طرف سے شاداب خان نے 3جبکہ سہیل تنویر نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں راولپنڈی نے مطلوبہ ہدف اوپنر نوید ملک کی شاندار 83 رنز اور صہیب مقصود کے 65رنز کی بدولت با آسانی 2وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

(جاری ہے)

ڈائمنڈ کرکٹ گراونڈ اسلام آباد میں کھیلے جانیوالے دوسرے میچ میں اسلام آباد نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر فاٹا کو 3وکٹوں سے شکست دی۔

فاٹا نے خوشدل شاہ کی108رنز کی اننگ کی بدولت مقررہ43اوورز میں 266رنز بنائے۔ جواب میں اسلام آباد نے 266رنز کا ہدف آخری گیند پر پورا کیا۔ فاتح ٹیم کی طرف سے فیضان ریاض 51اور زوہیب احمد کے 48رنزکی اننگ نے اسلام آباد کو کامیابی دلوائی۔ تیسرے میچ میں کراچی وائٹس لاہور بلیوز کیخلاف70رنز سے فتح یاب رہا۔ کراچی وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انور علی 67، شاہ زیب حسن کے 49رنز کی بدولت 240رنز بنائے جواب میں لاہور کی ٹیم 170پر آوٹ ہو گئی۔ کرچی کے دانش علی اور تابش خان نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں۔