غازی بروتھا ہائیڈل پاور سٹیشن پہلے پیداواری یونٹ کی تکمیل سے نیشنل گرڈ کو 91 ارب 10 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کر چکا ہے‘بجلی کی یہ مقدار منصوبے کے پی سی ون میں مقررہ ہدف سے 8 ارب 60 کروڑ یونٹ زیادہ ہے،چیئرمین واپڈا

جمعرات 12 جنوری 2017 22:24

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے کہا ہے کہ غازی بروتھا ہائیڈل پاور سٹیشن اگست 2003 ء میں اپنے پہلے پیداواری یونٹ کی تکمیل سے اب تک قومی نظام کو 91 ارب 10 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کر چکا ہے، بجلی کی یہ پیداوار منصوبے کے پی سی ون میں مذکورہ عرصہ کیلئے مقررہ ہدف سے 8 ارب 60کروڑ یونٹ زیادہ ہے جبکہ غازی بروتھا ہائیڈل پاور سٹیشن کے پی سی ون میں مذکورہ عرصہ کیلئے پیداوار کا ہدف 82 ارب 50 کروڑ یونٹ تھا، غازی بروتھا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا کے پن بجلی گھر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردارادا کر رہے ہیں ،اِن پن بجلی گھروں سے نہ صرف ملک میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل رہی ہے بلکہ ان سے پیدا ہونیوالی بجلی سستی ہونے کے باعث صارفین کیلئے بجلی کے نرخ کم سطح پر رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ غازی بروتھا ہائیڈل پاور سٹیشن واپڈا کا دوسرا بڑا پن بجلی گھر اور انجینئرنگ کا شاہکارہے ، انہوں نے غازی بروتھا ہائیڈل پاور سٹیشن کی مؤثردیکھ بھال اور فعال آپریشن پر پراجیکٹ انتظامیہ کی تعریف کی،قبل ازیں چیئرمین واپڈا نے پاور چینل اور پاور ہائوس کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پرغازی بروتھا ہائیڈل پاور پراجیکٹ کی انتظامیہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ یہ منصوبہ تقریباً 96 ارب روپے کی لاگت سے 2004 ء میںمکمل کیا گیا تھا، اس منصوبے کے تین بڑے حصے ہیں ، جن میں بیراج، پاور چینل اور پاور ہائوس شامل ہیں ، منصوبے کا بیراج تربیلا ڈیم سے 7 کلومیٹر زیریں جانب تعمیر کیا گیا ہے جبکہ بیراج سے پاور ہائوس تک تعمیر کی گئی پختہ پاور چینل کی لمبائی 52 کلومیٹر اور اس میں پانی کے بہائو کی صلاحیت ایک ہزار6سو مکعب میٹر فی سیکنڈ ہے، اس پاور چینل کو دنیا کی سب سے بڑی پختہ پاور چینل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، بروتھا کے مقام پر واقع پاور ہائوس کی مجموعی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 450 میگاواٹ ہے ،پاور ہائوس میں پانچ پیداواری یونٹ نصب ہیں، جن میں سے ہر ایک کی پیداواری صلاحیت 290 میگاواٹ ہے، یہاںیہ امر قابل ذکر ہے کہ منصوبے کے پی سی ون میں پاور ہائوس سے بجلی کی سالانہ اوسط پیداوار کا اندازہ 6 ارب60 کروڑ یونٹ لگایا گیا تھا لیکن یہ پاور ہائوس سالانہ اوسطاً 7 ارب 10 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :