سپریم کور ٹ میں یوٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری کوکنگ آئل کی فروخت کے حوالے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت

جمعرات 12 جنوری 2017 23:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2017ء) سپریم کور ٹ نے یوٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری کوکنگ آئل کی فروخت کے حوالے سے متعلق ازخود نوٹس میں متعلقہ حکام سے یوٹیلیٹی سٹورز پر فروخت ہونے والی تمام آشیا کی فہرست اور ڈبہ بند دودھ کے مضر صحت اثرات سے کے حوالے سے رپورٹ طلب کر تے ہوئے مزید سماعت دس روزکیلئے ملتوی کردی۔

جمعرات کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پرعدالت میں یوٹیلیٹی سٹورز کے ایم ڈی اور وزارت صنعت و پیداوار کے سیکرٹری کی جانب سے رپورٹس پیش کی گئیں۔ چیف جسٹس نے ان رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد ان سے کہا کہ دونوں رپورٹس اچھی لکھی گئی ہیں لیکن یہاں تومخص کاغذوں کی حدتک کارروائی ہوتی ہے جبکہ زمینی حقائق کچھ اور ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہاکہ اچھی غذائی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، اگرہماری غذا ٹھیک نہیں ہوگی تواس کا براہ راست اثر انسانی صحت پر پڑے گا۔ یادرہے کہ عدالت میں پیش کردہ رپورٹ میں بتایاگیا تھا کہ اعلٰی سطح پراس صورتحال کانوٹس لینے کے بعد دوکمپنوں سہیل اور حفیظ گھی کارپوریشن پر پابندی عائد کردی گئی ہے اورآئندہ یوٹیلٹی اسٹورز پر صرف برانڈڈ مصنوعات فروخت کی جائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق مختلف کمپنیوں کے ساتھ گھی اور آئل کی قیمتوں کے بارے میں بات چیت جاری ہے اورمتعلقہ کمپنیوں کے حکام نے تسلیم کیا تھاکہ فروخت ہونے والا گھی غیر معیاری تھا جس کے پیش نظر آئندہ کیلئے یوٹیلیٹی اسٹورزپرفروخت کیاجانے والا ان کمپنیوں کاغیرمعیاری گھی اور کوکنگ آئل بندکیاجارہاہے۔ بعد ازاں عدالت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پرفروخت ہونے والی غذائی اشیاء کامعیارجانچنے کیلئے قواعد بنانے کی ہدایت جاری کر تے ہوئے کہاکہ غذائی اشیاء کی چیکنگ کا نظام وضع کرکے دس روزمیں یوٹیلیٹی اسٹورز پر فروخت ہونے والے ڈبہ بند دودھ اور دیگر اشیاء کی فہرست عدالت میں پیش کی جائے۔ بعد ازاں مزید سماعت ملتوی کردی گئی۔