نیٹو کی جانب سے امریکا کے ہاتھوں 33 عام شہریوں کے قتل کی تصدیق

جمعہ 13 جنوری 2017 10:57

برسلز۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) نیٹو نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کے ہاتھوں 33 عام شہریوں کے قتل کی تصدیق کر دی ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق نیٹو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے صوبہ قندوز کے ایک دیہات پر ہونے والے حملے میں اس ملک میں تعینات امریکی فوجی ملوث ہیں۔امریکی فوجیوں نے صوبہ قندوز کے ایک دیہات پر گذشتہ سال تین نومبر میں حملہ کیا تھا اور اس حملے میں 33 بے گناہ شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

نیٹو کی رپورٹ کے مطابق طالبان جن گھروں سے فائرنگ کر رہے تھے وہاں عام شہری، خواتین اور بچوں کے موجود ہونے کا امکان تھا۔ اس واقعے میں دو امریکی فوجی اور تین افغان کمانڈوز ہلاک ہو گئے تھے۔ ان عام شہریوں کے قتل پر افغان عوام مشتعل ہو گئے تھے۔نیٹو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ اس حملے میں تینتیس عام شہری ہلاک اور ستائیس زخمی ہو گئے تھے۔قوام متحدہ نے عام شہریوں کے قتل کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں- ان تحقیقات کے نتائج کا اعلان رواں ماہ کے اختتام تک کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :