قدٴْس فورس سے متعلق ایرانی دہشت گرد عراق میں سفیر مقرر

مسجدی بغداد میں تہران کے موجودہ سفیر حسن دانائی کی جگہ لیں گے

جمعہ 13 جنوری 2017 13:28

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) ایران نے پاسداران انقلاب کی ذیلی تنظیم قدس فورس کے کمانڈر کے مشیر اور بین الاقوامی سطح پر دہشت گردوں کی فہرست میں شامل بریگیڈیئر جنرل آرج مسجدی کو عراق میں اپنا سفیر مقرر کردیا ،مسجدی بغداد میں تہران کے موجودہ سفیر حسن دانائی کی جگہ لیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بریگیڈیئر جنرل مسجدی کا تقرر جنرل قاسم سلیمانی (قدس فورس کے کمانڈر) اور وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے درمیان اتفاق رائے سے عمل میں آیا ہے۔

پاسداران انقلاب بغداد میں ایرانی سفارت خانے کو خطے میں ایرانی رسوخ کے پھیلاؤ کے حوالے سے تزویراتی اہمیت کا حامل شمار کرتے ہیں۔ 2003ء میں صدام حکومت کے سقوط کے بعد سے بغداد میں تمام ایرانی سفیروں کا تعلق پاسداران انقلاب سے رہا ہے۔

(جاری ہے)

مسجدی کو جو قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے مشیر اعلی کے طور پر کام کر رہا ہے گزشتہ برس مئی میں دیے جانے والے ایک بیان کی وجہ سے شہرت حاصل ہوئی تھی جس میں اس نے کہا تھا کہ فلوجہ کے معرکے میں ایرانی پاسداران انقلاب کا اپنے افسران سمیت داخل ہونے کا مقصد یہ تھا کہ ایران دنیا بھر میں شیعیت کا مرکز باقی رہے۔

ہم اس شرکت کو ایران اور اس کی سرحدوں کی حفاظت کے طور شمار کرتے ہیں۔ایران کے لیے بشار کی بقاء کی اہمیت واضح کرتے ہوئے مسجدی نے کہا کہ شامی اپوزیشن کے ہاتھوں دمشق میں بشار حکومت کے سقوط کے نتیجے میں ایران اور حزب اللہ کے درمیان ربط ختم ہو سکتا تھا۔ اس صورت میں ہم سمجھتے ہیں کہ حزب اللہ کی پوزیشن بہت ہی کمزور ہو جائے گی اور لبنان میں اس کو شدید مشکلات کا سامنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :